وزارت اطلاعات نے پاک افغان سرحد پر فائرنگ سے متعلق افغان طالبان کا بیان جھوٹ قرار دیدیا

افغان طالبان فورسز نے پاکستانی حدود میں غیر مسلح شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی اور مارٹر گولے برسائے،وزارت اطلاعات و نشریات

October 28, 2026 · اہم خبریں, قومی

وزارت اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک کے مطابق انگور اڈہ سرحدی واقعے پر افغان طالبان کی جھوٹے بیانیے کی تازہ کوشش ایک بار پھر ان کے فریب پر مبنی طرزِ عمل کی عکاسی کرتی ہے۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان طالبان فورسز نے پاکستانی حدود میں غیر مسلح شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی اور مارٹر گولے برسائے، طالبان رجیم کی یہ بلااشتعال فائرنگ اس کے سرپرست بھارت کی ہدایات اور اس کے پراکسی عناصر کے طے کردہ طریقہ کار کا تسلسل ہے۔

فیکٹ چیک کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیتے ہوئے افغان طالبان فورسز کی 7 پوسٹیں تباہ کر دیں، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کو بھاری جانی و مادی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ طالبان رجیم کے نام نہاد سرکاری ترجمانوں کے ایسے جھوٹے اور بے وقعت بیانات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، غیر نمائندہ طالبان رجیم اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔