مٹھی:ایمبولینس میں سلنڈرھماکہ اورآتشزدگی،8 افراد جاں بحق، 5 زخمی
سلنڈر دھماکے کے بعد آگ لگنے سے ایمبولینس جل کرراکھ بن گئی ،زخمیںوں کو مٹھی اورننگرپارکر کے سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا۔
فائل فوٹو
مٹھی :تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر میں دیہی مرکز صحت میں ایمبولینس میں سلنڈر دھماکے کے بعد آگ لگنے سے ایمبولینس جل کرراکھ بن گئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور5 سے زاید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ننگرپارکر کے علاقے گاوں دانوداندل کے دیہی مرکز صحت میں مبینہ طورپر ایمبولینس میں مبینہ طورپرسلینڈر دھماکہ کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایمبولینس جل کر مکمل طورپر تباہ ہوگئی۔ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو تھرپارکر کے انچارج حبیب اللہ کے مطابق واقعے تاحال 8 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد کے زخمی ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کو مٹھی اورننگرپارکر کے سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا ہے۔
واقعے کے اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر ارم کریم، تحصیل انتظامیہ، ریسکیو اہلکار اور مقامی حکام موقع پر پہنچ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایمبولینس میں دھماکہ اور آگ اس وقت لگی جس وقت ایک مریض کو دیہی مرکز صحت سے دوسرے ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس میں منتقل کیاجارہا تھا جبکہ زخمیوں میں ہسپتال کا عملہ بھی شامل ہے جبکہ جاں بحق اور زخمی افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ابتدائی طورپر واقعے کو سلینڈر پھٹنے کا نتیجہ قراردیا جارہا ہے لیکن متعلقہ حکام اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں۔ تحصیل انتظامیہ کے مطابق مزکورہ دیہی مرکز صحت کا انتظام صحت کے شعبے میں کام کرنے والے ادارے پی پی ایچ آئی کے پاس ہے اور جلنے والی ایمبولینس بھی اسی کی ہے۔
دوسری طرف مقامی افراد کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا بھی امکان ہے کیونکہ کچھ زخمی افراد کو نجی گاڑیوں کے زریعے بھی ہسپتال لیجایاگیا ہے۔