پاکستانی تھری ویلر رکشہ کی عالمی منڈی میں بڑی کامیابی،فلپائن میں اپنا پہلا پیداواری پلانٹ قائم
سفارت خانے کی معاونت سے سازگار کمپنی وہاں مسافر، تجارتی اور برقی گاڑیاں متعارف کرا رہی ہے۔
پاکستانی گاڑیاں عالمی منڈی میں چھا گئیں،فلپائن میں اپنا پہلا پیداواری پلانٹ قائم
پاکستانی کمپنی سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ نے جنوب مشرقی ایشیائی ملک فلپائن میں اپنی گاڑیوں کی تیاری اور اسمبلنگ کا پلانٹ کھول دیا ہے، جس کا افتتاح فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے کیا۔
پاکستانی سفارت خانے کے مطابق پاکستانی ساختہ تین پہیوں والی گاڑیاں اب فلپائن کی مارکیٹ میں بھی دستیاب ہوں گی۔ سفارت خانے کی معاونت سے سازگار کمپنی وہاں مسافر، تجارتی اور برقی گاڑیاں متعارف کرا رہی ہے۔
فلپائن کے صدر کے سرکاری دفتر کے مطابق نئے پلانٹ میں سالانہ تقریباً 12 ہزار تین پہیوں والی گاڑیاں تیار اور اسمبل کی جا سکیں گی، جن میں برقی اور پیٹرول سے چلنے والی گاڑیاں شامل ہوں گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک میں گاڑیوں کی صنعت کو مضبوط بنانے اور ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سازگار انجینئرنگ ورکس نے پاکستان سے باہر اپنی پہلی پیداواری منزل اور جنوب مشرقی ایشیا کے لیے مرکز کے طور پر فلپائن کا انتخاب کیا ہے، جو ان کے ملک پر اعتماد کا اظہار ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں قائم سازگار انجینئرنگ ورکس گزشتہ تین دہائیوں سے گاڑیاں تیار کر رہی ہے۔ کمپنی اپنی تین پہیوں والی گاڑیاں اور ان کے پرزے جاپان، متحدہ عرب امارات، سری لنکا اور نائیجیریا سمیت 20 سے زائد ممالک کو برآمد کرتی ہے۔
یہ پیش رفت پاکستانی گاڑیوں کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی رسائی اور ملکی صنعت کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔