کرپٹو کرنسی کی سب سے بڑی چوری کا الزام شمالی کوریا پر عائد

شمالی کوریا کے سائبر ہیکرز نے دنیا کے بڑے کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس سے 6 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے ورچوئل اثاثے چوری کیے ہیں۔

November 1, 2026 · امت خاص
کرپٹو کرنسی کی سب سے بڑی چوری کا الزام شمالی کوریا پر عائد

کرپٹو کرنسی کی سب سے بڑی چوری کا الزام شمالی کوریا پر عائد

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے شمالی کوریا پر دنیا کی بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس سے 6 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق یہ سائبر حملہ 29 اکتوبر 2026 کے لگ بھگ کیا گیا، جس کی ذمہ داری شمالی کوریا کے ہیکنگ گروپ ’ٹریڈر ٹریٹر‘ (TraderTraitor) پر عائد کی گئی ہے۔

ایف بی آئی نے امریکی سیکرٹ سروس اور انٹرنل ریونیو سروس کے تحقیقاتی شعبے کے ساتھ مل کر چوری شدہ اثاثوں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق ہیکرز چوری کی گئی زیادہ تر رقم کو ایتھریم (ETH) میں تبدیل کر رہے ہیں، جس کے بعد ڈی فائی پلیٹ فارمز اور فوری کرپٹو ایکسچینج سروسز کے ذریعے رقم کو چھپانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

ایف بی آئی، سیکرٹ سروس اور آئی آر ایس نے کرپٹو ایکسچینجز، بلاک چین آپریٹرز، ڈی فائی پلیٹ فارمز اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیکرز کے زیر استعمال ڈیجیٹل والٹس سے منسلک لین دین کو فوری طور پر روکیں۔

دوسری جانب بائنانس نے اعلان کیا ہے کہ وہ صارفین کے نقصانات کی تلافی اپنے مالی وسائل سے کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اب تک چوری شدہ اثاثوں کے تقریباً 90 فیصد حصے کا متبادل فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی 10 فیصد کی تلافی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

بائنانس کا کہنا ہے کہ صارفین کو اس واقعے کے مالی اثرات برداشت نہیں کرنا پڑیں گے۔ کمپنی نے مزید بتایا کہ بعض کم لیکویڈیٹی والے کرپٹو اثاثوں کی خریداری میں وقت لگ سکتا ہے۔