رکن پور ریلوے اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 4 ویگنز پٹری سے اتر گئیں
تکنیکی خرابی کا خدشہ، ٹریک کی بحالی کا کام جاری، متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل۔
رکن پور ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی مال گاڑی کی پٹری سے اتری ہوئی ویگنز کا منظر
دنیاپور میں رکن پور ریلوے اسٹیشن کے قریب کوئلے سے بھری ایک مال گاڑی کو حادثہ پیش آگیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ریلوے حکام کے مطابق کوئلہ بردار مال گاڑی کراچی سے ساہیوال جارہی تھی کہ اسٹیشن پر پہنچنے کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔
ابتدائی معلومات اور ریلوے ذرائع کے مطابق کوئلے سے لدی متاثرہ ویگن میں اچانک تکنیکی فالٹ پیدا ہوا جس کی وجہ سے مزید 3 ویگنز بھی ڈی ریل ہو گئیں۔ اس ناخوشگوار واقعے کے بعد لودھراں خانیوال ریلوے ٹریک کو دیگر ٹرینوں کی آمدورفت کے لیے عارضی طور پر بند کرنا پڑا، جبکہ مسافر ٹرینوں کے متبادل روٹس بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کا فنی عملہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ ریلوے ٹریک کو آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں میں مکمل طور پر کلیئر کر کے ٹرینوں کی آمدورفت بحال کر دی جائے گی۔ واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے تاکہ حادثے کے حتمی اسباب کا تعین کیا جا سکے۔