پاکستان ریلوے کے مالیاتی گوشواروں کا عالمی معیار کے مطابق آڈٹ کرانے کا فیصلہ

آڈٹ کے لیے تمام کارروائی ای پی اے ڈی ایس پورٹل کے ذریعے مکمل کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔وفاقی وزیر ریلوے

November 3, 2026 · امت خاص
پاکستان ریلوے کے مالیاتی گوشواروں کا عالمی معیار کے مطابق آڈٹ کرانے کا فیصلہ

پاکستان ریلوے کے مالیاتی گوشواروں کا عالمی معیار کے مطابق آڈٹ کرانے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان ریلوے میں مالیاتی شفافیت اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے گزشتہ مالی سال 2025-26 کے گوشواروں کا بین الاقوامی مالیاتی معیار (آئی ایف آر ایس) کے تحت آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس مقصد کے لیے عالمی معیار کی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جس کا انتخاب میرٹ اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین کے مطابق کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ آڈٹ کے لیے تمام کارروائی ای پی اے ڈی ایس پورٹل کے ذریعے مکمل کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق قانون 2023 کے تحت پاکستان ریلوے میں مالیاتی نگرانی اور شفافیت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ آزادانہ آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں سخت فیصلے کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان ریلوے میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ادارے کے ایک ایک روپے کا حساب رکھا جائے گا۔ بدعنوانی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ادارے کو مالی طور پر خود مختار بنانا بھی ہدف ہے۔