حکومت کو بدنام کرکے نئی سیاسی ٹیم لانے کی کوشش ہو رہی ہے،خواجہ آصف

بعض سرمایہ دار اور کاروباری شخصیات بھی گزشتہ 6 سے 10 ماہ سے اس حوالے سے کافی سرگرم ہیں۔

November 6, 2026 · امت خاص
حکومت کو بدنام کرکے نئی سیاسی ٹیم لانے کی کوشش ہو رہی ہے،خواجہ آصف

حکومت کو بدنام کرکے نئی سیاسی ٹیم لانے کی کوشش ہو رہی ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کے الزامات کے ذریعے حکومت کو بدنام کرنے اور ایک نئی سیاسی ٹیم سامنے لانے کے لیے متبادل سیاسی سیٹ اَپ کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بعض عناصر موجودہ حکومتی قیادت کو بدنام کرکے نئی ٹیم پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ اس منصوبے کے پیچھے کون لوگ سرگرم ہیں، اس بارے میں وہ مزید تفصیلات آف کیمرہ بتا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے سیاسی اندازے کے مطابق بعض سرمایہ دار اور کاروباری شخصیات بھی گزشتہ 6 سے 10 ماہ سے اس حوالے سے کافی سرگرم ہیں۔

خواجہ آصف نے ان عناصر کا موازنہ امریکی خانہ جنگی کے بعد سرگرم ہونے والے کارپٹ بیگرز سے کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ سیاسی بحران کے امکانات دیکھ کر اپنا فائدہ اٹھانے کے لیے سرگرم ہوجاتے ہیں۔

وزیر دفاع کے مطابق بعض لوگ سیاسی حالات میں تبدیلی کا امکان محسوس کرتے ہی اپنا سامان سمیٹ کر میدان میں اترنے کی تیاری شروع کردیتے ہیں۔