اسلام آبادمیں گھریلومشقت اوربدسلوکی کاشکارکم سن بچی بازیاب۔دادی کے حوالے
ملزم پر فوجداری دفعات اور چائلڈ لیبر لاز کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایت
کراچی: وکلا کا 10 ستمبر کو عدالتی کام معطل رکھنے کا اعلان
اسلام آباد سیشن کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں شمس کالونی کے علاقے سے گھریلو مشقت کے لیے غیر قانونی طور پر قید کی جانے والی 10 سالہ بچی مصباح بی بی کو کامیاب کارروائی کے بعد بازیاب کرا کے اس کی دادی کے حوالے کر دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج-III اسلام آباد ویسٹ، ڈاکٹر رسول بخش میر نے یہ فیصلہ صادر کیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق، عدالت کے حکم پر بیلِف اور تھانہ شمس کالونی پولیس نے چھاپہ مار کر بچی کو بازیاب کیا۔ بچی نے عدالت کو بیان دیا کہ اسے گھر کے کام کاج اور بچوں کی دیکھ بھال کے لیے رکھا گیا تھا، جہاں اسے مناسب کھانا، کپڑے اور اجرت نہیں دی جاتی تھی اور نہ اس کی والدہ کو اس سے ملنے کی اجازت تھی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ کم عمر بچی (10 سال) کو گھریلو مشقت کے لیے رکھنا نہ صرف اخلاقی طور پر قبیح ہے بلکہ قانوناً بھی سختی سے ممنوع ہے۔
عدالت نے بچی کو بغیر کسی قانونی جواز یا تصدیق کے اجنبی کے حوالے کرنے پر بچی کی والدہ اور دادی کے خلاف بھی چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے۔مزید برآں، عدالت نے ایس ایچ او تھانہ شمس کالونی کو ملزم کے خلاف فوجداری دفعات اور چائلڈ لیبر لاز کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کرنے اور چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کو بچی کی ویلفیئر اسیسمنٹ رپورٹ دو دن میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔