واٹس ایپ کا فون نمبر چھپانے اور بغیر بلیو ٹِک پیغام پڑھنے کا فیچر متعارف

سائبر فراڈ کا سدباب، میٹا نے پی ٹی اے کی درخواست پر ایک لاکھ 76 ہزار اکاؤنٹس بند کر دیے، نفاذ مرحلہ وار ہوگا۔

November 7, 2026 · اہم خبریں
واٹس ایپ نے صارفین کے لیے نئے پرائیویسی فیچرز اور سائبر فراڈ کی روک تھام کے لیے اقدامات کا اعلان کر دیا۔

واٹس ایپ نے صارفین کے لیے نئے پرائیویسی فیچرز اور سائبر فراڈ کی روک تھام کے لیے اقدامات کا اعلان کر دیا۔

دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت اور رازداری کو مزید محفوظ بنانے کے لیے دو نئے اہم فیچرز پر کام شروع کر دیا ہے۔ ٹیکنالوجی ذرائع اور رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ایک ایسے پرائیویسی فیچر کا تجربہ کر رہا ہے جو صارفین کو اپنا فون نمبر صارف نام کے پیچھے چھپانے کی اجازت دے گا۔ اس نئے فیچر کے تحت صارفین یہ کنٹرول کر سکیں گے کہ کالز اور چیٹس میں ان کا فون نمبر کون دیکھ سکتا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فون نمبر پرائیویسی کا یہ نیا فیچر چار مختلف اختیارات فراہم کرے گا جن میں ہر کوئی، میرے رابطے، میرے رابطے کے علاوہ، اور کوئی نہیں شامل ہیں۔ اس خصوصیت کے ذریعے صارفین اپنی رازداری کو بہتر انداز میں منظم کر سکیں گے، جبکہ پہلے سے طے شدہ ترتیب کو “کوئی نہیں” رکھا گیا ہے تاکہ صارف کا نمبر پوشیدہ رہے۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک اور کارآمد فیچر بھی تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت صارفین کسی بھی چیٹ کو کھولے بغیر اس کے حالیہ پیغامات پریویو کارڈ میں دیکھ سکیں گے۔ اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ پیغام پڑھنے کے باوجود بھیجنے والے کو بلیو ٹِک نظر نہیں آئے گا اور بلیو ٹِک اسی وقت ظاہر ہوگا جب صارف متعلقہ چیٹ کو باضابطہ طور پر کھولے گا۔

دریں اثنا، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی درخواست پر بڑی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے ری سائیکل موبائل نمبرز پر فعال ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق غیر فعال اور منسوخ نمبرز پر واٹس ایپ اکاؤنٹس سائبر فراڈ کا ایک بڑا ذریعہ بن رہے تھے، جن کی روک تھام کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ ری سائیکل نمبرز موجود ہیں جن میں سے پی ٹی اے نے ایک کروڑ نمبرز کی تفصیلات میٹا کو ارسال کی تھیں۔ پی ٹی اے اور میٹا کے درمیان طے پانے والے طریقہ کار کے تحت اب ہر ماہ 5 ہزار ری سائیکل نمبرز میٹا کو بھجوائے جائیں گے جن پر موجود واٹس ایپ اکاؤنٹس کو مرحلہ وار بند کیا جائے گا۔ حکام نے مزید بتایا کہ گزشتہ برس موصول ہونے والی مجموعی شکایات میں سے میٹا نے 82 فیصد کو کامیابی سے حل کیا۔