مسلم لیگ ن اور ق کی لڑائی میں علامہ اقبال لفظی گولہ باری کا نشانہ بن گئے

چوہدری سالک حسین نے غلط شعر شاعر مشرق سے منسوب کردیا، عظمیٰ بخاری کا جواب

November 9, 2026 · اہم خبریں
مسلم لیگ ن اور ق کی لڑائی میں علامہ اقبال لفظی گولہ باری کا نشانہ بن گئے

مسلم لیگ ن اور ق کی لڑائی میں علامہ اقبال لفظی گولہ باری کا نشانہ بن گئے

پنجاب کی سیاست میں گجرات کے چوہدری خاندان کے فرزند اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سالک حسین اور مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت کی قیادت میں لفظی گولہ باری چل رہی ہے۔ تازہ ترین حملے کی زد میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال آگئے۔

چوہدری سالک حسین نے یوم اقبال کی مناسبت سے ایک شعر اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر پوسٹ کیا۔ انہوں نے لکھا،

نہ جانے کون سی شہرت پر انسان کو ناز ہے اقبال

انسان تو اپنے آخری غسل کا بھی محتاج ہے

اس پر کئی لوگوں نے نشاندہی کی کہ یہ شعر علامہ محمد اقبال کا نہیں ہے۔

پنجاب کی صوبائی وزیراطلاعات اور مسلم لیگ کی رہنما نے اس شعر کو گروک کے ذریعے چیک کرایا اور اسکرین شاٹ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’’خدا دا واسطہ اے اقبال نوں تے چھڈ دیو (خدا کا واسطہ اقبال کو تو چھوڑ دیں)۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین حالیہ دنوں اس وقت خبروں میں آئے جب انہوں نے پنجاب میں مریم نواز کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پنجاب میں اربوں روپے کی کرپشن کا دعویٰ کیا۔ جواب میں مریم نواز نے انہیں ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔

چوہدری سالک حسین مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے ہیں۔ مسلم لیگ کا یہ دھڑا وفاق میں موجودہ حکومتی سیٹ اپ میں شامل ہے جب کہ پرویز الہی کی قیادت میں دوسرا دھڑا اس سیٹ اپ سے باہر ہے۔