نئی جماعت کے بڑے ووٹ ن لیگ کیلئے خطرہ؟ مریم نواز کا تسلیم کرنے سے انکار
گوجرانوالہ ضمنی الیکشن میں مرکزی مسلم لیگ کی امیدوار دوسرے نمبر پر رہے، مریم نواز نے ہی ٹی آئی سے گٹھ جوڑ قرار دے دیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ایک تقریب سے خطاب کر رہی ہیں
گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 77 میں ہونے والے حالیہ ضمنی الیکشن کے نتائج نے پنجاب کی سیاست میں ایک نئی بحث چھیر دی ہے۔ الیکشن میں روایتی سیاسی جماعتوں کے بجائے ایک نئی ابھرتی ہوئی جماعت پاکستان مرکزی مسلم لیگ یعنی پی ایم ایم ایل کی جانب سے تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن دھڑوں کی مبینہ حمایت کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے خلاف 30 ہزار سے زائد بڑے ووٹ حاصل کرنے کو جہاں سیاسی حلقے ن لیگ کے گڑھ میں خطرے کی گھنٹی قرار دے رہے ہیں، وہیں مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اس خطرے کو تسلیم کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ مسلم لیگ (ن) کا روایتی قلعہ سمجھا جاتا ہے جہاں ن لیگ کے راشد بشیر ورک میدان میں تھے۔ تاہم، اس ضمنی معرکے کا دلچسپ اور غیر متوقع پہلو یہ رہا کہ تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی جیسی بڑی جماعتیں اپنے روایتی انتخابی نشانات کے ساتھ اس طرح متحرک نظر نہیں آئیں۔ اس خلا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک نومولود جماعت پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے انتخابی میدان میں زبردست سرپرائز دیا اور ان کے امیدوار محمد ابراہیم گجر 30,218 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، جس نے ن لیگ کے کیمپ میں ہلچل مچا دی۔ اس کے علاوہ پاکستان نظریاتی پارٹی نام کی ایک اور نئی جماعت نے بھی حصہ لیا اور ان کے امیدوار طیب محمود میدان میں اترے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فارم 45 کے مطابق ن لیگ کو اپنے ہی قلعے میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے نئی جماعت کے ووٹ بینک کو خطرہ ماننے سے انکار کیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا: “اس میں ان کا قصور نہیں، یہ سب صدمے میں ہیں۔ ان کے پیروں کے نیچے سے نہ صرف قالین کھسک گیا ہے بلکہ پیروں تلے زمین نکل گئی ہے…”
مریم نواز نے نئی جماعت کو تحریک انصاف اور دیگر تنظیموں کا گٹھ جوڑ قرار دیتے ہوئے ان پر عبرت ناک شکست کا الزام عائد کیا۔