لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، بچوں میں بیماریاں پھیلنے لگیں
خطرناک فضائی آلودگی، اے کیو آئی بلند ترین سطح پر، طبی ماہرین کی احتیاط کی اپیل
لاہور میں اسموگ اور شدید فضائی آلودگی کا منظر
لاہور دنیا بھر میں فضائی آلودگی کے اعتبار سے ایک بار پھر پہلے نمبر پر آ گیا ہے جہاں اسموگ اور آلودگی کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کا تناسب انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکا ہے، جبکہ دیگر شہروں کی فضا بھی زہریلی ہو چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح انتہائی بلند سطح پر ریکارڈ کی گئی جہاں 1063 پارٹیکیولیٹ میٹرز تک پہنچ گئی، جبکہ گلبرگ ٹو میں آلودگی کی زیادہ سے زیادہ شرح 328 ریکارڈ ہوئی۔ اس کے علاوہ دیگر شہروں میں ملتان 650 سے 719، پشاور 390، فیصل آباد 340 اور سکردو 321 پارٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ آلودہ ترین شہروں میں شامل رہے۔
فضائی آلودگی اور اسموگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث بچوں میں بیماریوں کا تناسب تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔ ملتان کے چلڈرن اسپتال میں صرف 5 روز کے دوران اسموگ سے متاثرہ 700 سے زائد بچے لائے گئے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آلودہ فضا کے باعث بچے آنکھوں میں جلن، گلے کی خراش، بخار اور سانس کی شدید تکلیف میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ماہرین نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کو غیر ضروری طور پر باہر نہ نکالیں اور اسکول جانے والے بچوں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی بنایا جائے تاکہ انہیں مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
دوسری جانب سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اکتوبر 2026 میں لاہور کی فضائی آلودگی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور 5 سال میں پہلی مرتبہ کوئی دن ایسا نہیں گزرا جب ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 300 سے تجاوز کر گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسموگ کا جائزہ سائنسی حقائق کی روشنی میں لینا چاہیے کیونکہ فضائی آلودگی کی شدت کا تعین صرف سیٹلائٹ تصاویر یا آگ لگنے کے واقعات گن کر نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2025 میں لاہور میں پی ایم 2.5 کی اوسط شرح 136.3 مائیکروگرام تھی جو اکتوبر 2026 میں کم ہوکر 100.1 مائیکروگرام رہ گئی۔