جمائما گولڈ اسمتھ بھی رسل برینڈ کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنتی رہیں، خود انکشاف کردیا
برطانوی کامیڈین کے جمائما سے تعلقات تھے- 2014 کے واقعے کی رپورٹنگ پر پابندی لگوائی تھی
جمائما گولڈ اسمتھ اور برطانوی کامیڈین رسل برینڈ کی پرانی تصویر۔
برطانوی فلم ساز اور پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برینڈ کے حوالے سے ایک انتہائی دردناک اور چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔ جمائما نے پہلی بار پبلک کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ وہ خود بھی رسل برینڈ کے ہاتھوں شدید جسمانی و ذہنی تشدد، جبر اور بدسلوکی کا شکار بنتی رہی ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے رسل برینڈ کو لندن کی عدالت سے جنسی جرائم اور زیادتی کے مقدمے میں ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنائے جانے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک تفصیلی بیان میں کیا۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے بیان میں بتایا کہ رسل برینڈ کے ساتھ ان کے تعلقات کا دور ان کی زندگی کا ایک انتہائی مشکل اور تکلیف دہ دور تھا، جس کے اثرات ان پر اب تک قائم ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 2014 میں ایک شدید پرتشدد واقعے کے دوران بات اس حد تک بڑھ گئی تھی کہ انہیں رسل برینڈ کو اپنے گھر سے نکلوانے کے لیے ہنگامی طور پر پولیس کو بلانا پڑا تھا۔ جمائما کا کہنا تھا کہ اس وقت انہوں نے اپنے نوعمر بچوں کی زندگی پر میڈیا کی منفی توجہ اور دباؤ کے خوف سے رسل برینڈ کے خلاف کوئی باقاعدہ فوجداری مقدمہ درج نہیں کروایا اور نہ ہی اس معاملے کو پبلک کیا تھا۔
جمائما نے واضح کیا کہ وہ پہلے دن سے رسل برینڈ کے ظلم اور جنسی درندگی کا شکار ہونے والی تمام خواتین کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور وہ ان خواتین کی ہمت کو داد دیتی ہیں جنہوں نے عدالت میں آکر برانڈ کے خلاف سچی گواہی دی۔ انہوں نے بتایا کہ رسل برینڈ کے گھناؤنے چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے والے انویسٹی گیٹو صحافیوں کی انہوں نے پسِ پردہ سالہا سال تک مدد کی اور یہ عزم بھی کر رکھا تھا کہ اگر رسل برینڈ نے ان صحافیوں یا اخبار پر ہتکِ عزت کا مقدمہ کیا، تو وہ خود عدالت کے کٹہرے میں کھڑے ہو کر رسل برینڈ کی بدسلوکی کے خلاف گواہی دیں گی۔
رسل برینڈ کو لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ نے 2004 سے 2009 کے دوران متعدد خواتین کے ساتھ زیادتی اور جنسی حملوں کے جرم میں 10 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ اس فیصلے کے بعد سوشل میڈیا اور میڈیا کے کچھ حصوں میں جمائما گولڈ اسمتھ کو ایک پرانے عدالتی حکمِ امتناعی کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا، جس پر وضاحت دینے کے لیے جمائما کو یہ دردناک حقائق پبلک کے سامنے لانے پڑے۔ جمائما نے اس وقت واقعے کی رپورٹنگ پر عدالتی پابندی لگوا دی تھی
اس معاملے کی سب وضاحت کرتے ہوئے جمائما نے بتایا کہ 2014 میں انہوں نے ایک خاتون سیلویہ برکی کو رسل برینڈ کے مساج کے لیے گھر بلایا تھا، لیکن برینڈ نے مساج لینے سے انکار کر کے انہیں جانے کو کہہ دیا۔ اس بات پر ناراض ہو کر اس خاتون نے پہلے پولیس میں برینڈ کے خلاف جھوٹی شکایت کی اور پھر جمائما کے خلاف ایک انتہائی خوفناک، نسل پرستانہ اور یہود دشمن مہم شروع کر دی۔
جمائما کے مطابق اس خاتون نے جمائما کو “”سڑی ہوئی یہودی کتیا”” لکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں اور ان کے خاندان کو قتل کرنے کی سنگین دھمکیاں دینا شروع کر دیں، جس پر ہائی کورٹ نے جمائما اور ان کے بچوں کے تحفظ کے لیے اس خاتون پر مستقل پابندی عائد کی تھی۔ جمائما نے واضح کیا کہ یہ قدم رسل برینڈ کو بچانے کے لیے نہیں، بلکہ ان کے اپنے بچوں کی جان کی حفاظت کے لیے تھا۔
اپنے بیان کے آخر میں جمائما نے اس بات پر گہرے سکون کا اظہار کیا کہ بالاآخر رسل برینڈ اپنے انجام کو پہنچا اور انصاف قائم ہوا۔ تاہم، انہوں نے اپنے موجودہ حالات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پرانے معاملے کو اچھالنے سے ان کی اور ان کے بچوں کی سیکیورٹی دوبارہ خطرے میں پڑ گئی ہے۔ جمائما نے لکھا:””ہمیں اپنے یہودی پس منظر اور بچوں کے والد (عمران خان) کے سیاسی کیریئر اور پاکستان میں جیل میں قید (Incarceration) ہونے کی وجہ سے پہلے ہی شدید سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے، اور اس نئی مہم سے یہ خطرات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔””