نئی آٹو پالیسی کے تحت پیٹرول گاڑیاں 10 لاکھ روپے تک سستی ہونے کا امکان
ٹیکسوں میں کمی، قیمتیں نمایاں کم ہوں گی، صرافہ مارکیٹ میں سونا سستا ہوگیا۔
نئی آٹو پالیسی اور سونے کی قیمتوں میں کمی سے متعلق نمائندہ تصویر
حکومت کی جانب سے منظور کی جانے والی نئی آٹو پالیسی کے نتیجے میں ملک بھر میں چھوٹی پیٹرول گاڑیوں اور ایس یو ویز کی قیمتوں میں 10 لاکھ روپے تک کی نمایاں کمی متوقع ہے۔ دستاویزات کے مطابق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹم ڈیوٹی میں کمی کے بعد آٹو سیکٹر میں یہ بڑی تبدیلی لائی جارہی ہے۔
دستاویزات کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ 658 سی سی تک کی پیٹرول گاڑی کی قیمت میں 3 لاکھ 75 ہزار روپے کمی کی جائے گی، جس کے بعد اس کی قیمت 32 لاکھ 20 ہزار سے کم ہوکر 28 لاکھ 45 ہزار روپے ہوجائے گی۔ اسی طرح 998 سی سی تک کی مقامی تیار کردہ پیٹرول گاڑی 4 لاکھ 40 ہزار روپے سستی ہوگی اور اس کی قیمت 42 لاکھ 70 ہزار سے کم ہوکر 38 لاکھ 30 ہزار روپے پر آجائے گی۔ دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 1496 سی سی تک کی پیٹرول ایس یو وی کی قیمت میں 7 لاکھ 40 ہزار روپے کمی ہوگی، جس کے بعد قیمت 60 لاکھ 60 ہزار سے کم ہوکر 53 لاکھ 20 ہزار روپے ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں 1498 سی سی تک کی پیٹرول ایس یو وی کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار روپے کم ہوکر 91 لاکھ 60 ہزار روپے جبکہ 1598 سی سی تک کی مقامی تیار کردہ پیٹرول جیپ کی قیمت میں 10 لاکھ روپے کمی ہوگی، جس کے بعد قیمت ایک کروڑ 21 لاکھ سے کم ہوکر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے رہ جائے گی۔
دوسری جانب ملک میں سونے کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1500 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 30 ہزار 836 روپے کا ہوگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 1286 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 69 ہزار 372 روپے پر آگئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس سونا 15 ڈالر سستا ہوکر 4083 ڈالر کا ہوگیا ہے، جبکہ فی تولہ چاندی کی قیمت 5723 روپے پر مستحکم رہی ہے۔