کراچی میں 29 نومبر کو ماضی کی خونیں تاریخ دہرائی جائے گی؟
نئے انتظامی یونٹس کے حق اور مخالفت میں ایک ہی مقام پر سندھ ترقی پسند جماعت اور ایم کیو ایم نے ریلیاں نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے، فریقین کے ہزاروں چارجڈ کارکنان آمنے سامنے ہوں گے
فائل فوٹو
نمائندہ امت :
اس وقت ملک بھر میں اور خصوصاً سندھ کی سیاست کا محور، انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت اور مخالفت بنا ہوا ہے۔ ایسے میں قوم پرست جماعت، سندھ ترقی پسند پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان ایک ہی دن کراچی میں ایک ہی مقام پر اس حوالے سے مظاہرہ کرنے جارہی ہیں۔ جس نے صورت حال کو سنگین بنا دیا ہے۔ یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انتظامی یونٹس کی سخت مخالفت کرنے والی سندھ ترقی پسند پارٹی اور اس کی حمایت میں سرگرم ایم کیو ایم پاکستان کے ہزاروں چارجڈ کارکنان جب ایک ہی روز آمنے سامنے ہوں گے تو کہیں بڑا تصادم نہ ہوجائے ۔ اور ایک بار پھر سانحہ 12 مئی اور سانحہ حیدرآباد جیسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوجائیں۔ پیپلز پارٹی کے لئے اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ اس ممکنہ صورت حال سے کیسے نمٹے گی؟
رپورٹ کے مطابق انتظامی یونٹس کے خلاف اکتوبر کے آخر میں حیدرآباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے کراچی میں احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اعلان انہوں نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی موجودگی میں ہی کیا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ وہاں پر انہوں نے 15 نومبر کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد ایاز لطیف پلیجو کی جماعت، سندھ عوامی تحریک اور زین شاہ کی سندھ یونائیٹڈ پارٹی سمیت جیے سندھ کے نام سے قائم مختلف قوم پرست جماعتوں کے اتحاد پر مشتمل سندھ رہبر کمیٹی نے 22 نومبر کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا۔
اس کے جواب میں ترقی پسند پارٹی نے 15 نومبر کو ریلی نکالنے کا جو اعلان کیا تھا، وہ 29 نومبر کی تاریخ میں تبدیل ہوگیا۔ جس کے لئے سوشل میڈیا پر یہ بچکانہ تاثر بھی دیا جارہا تھا کہ 20 نومبر تک دفعہ 144 نافذ ہے، جو ختم ہوجائے گی۔ لیکن سب سمجھتے ہیں کہ سندھ حکومت کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ جب چاہے جتنی مدت کے لئے چاہے، دفعہ 144 کی مدت بڑھاسکتی ہے۔ اور ایسا ہی ہوا ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ایک ماہ کے لئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ جب کہ سندھ کی سیاست پر گہری نظر رکھنے والے ایک اہم ذریعے کا کہنا تھا کہ جہاں تک سندھ کی قوم پرست جماعتوں کی بات ہے تو ان کی سیاست میں ایک دوسرے سے زیادہ کریڈٹ لینے کا عنصر شامل رہا ہے۔
اس معاملے پر احتجاج کے حوالے سے پریشان کن بات اس وقت سامنے آئی، جب تقریباً ایک ہفتہ قبل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت نے بھی اسی دن شارع فیصل سے نئے انتطامی یونٹوں کے حق میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا۔ پریشان کن بات اس لئے ہے کہ سندھ ترقی پسند پارٹی نے جو ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے، اس کا روٹ گلشن حدید سے ملیر ، شارع فیصل سے کراچی پریس کلب تک ہے۔
اس صورت حال میں سیاسی اور صحافتی حلقوں میں یہ بحث عام ہوگئی ہے کہ سندھ کی سیاست خصوصاً کراچی کو 1980ء اور 1990ء کی دہائی کی طرح بدامنی اور لسانی فسادات کی طرف تو نہیں دھکیلا جارہا؟
مذکورہ حلقوں میں یہ بحث بھی ہورہی ہے کہ اس حوالے سے سندھ بہت کچھ بھگت چکا ہے۔ لسانی سیاست میں سب سے زیادہ نقصان کراچی کا ہوا ہے۔ کراچی میں بسنے والوں کی سوچ بھی اب پہلے والی نہیں رہی۔ سب امن چاہتے ہیں۔ تاہم ایک قوم پرست جماعت سے تعلق رکھنے والے ذریعے کا کہنا تھا کہ، یہ حقیقت ہے کہ سندھی اور اردو بولنے والوں کی سوچ کافی بدل چکی ہے۔ اور ان کے درمیان پہلے والی نفرتیں نہیں رہیں۔ لیکن تصادم کی جہاں تک بات ہے تو اس کو یکسر مسترد نہیں کیا جاسکتا۔
30 ستمبر 1988ء میں حیدرآباد شہر میں جب تقریباً 300 بے گناہ اردو بولنے والے افراد کا قتل عام کیا گیا تو اس کا الزام سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی پر لگا۔ بعد ازاں جب یکم اکتوبر کو کراچی میں اس کے بعد کراچی میں سینکڑوں سندھی بولنے والے افراد کو چن چن کر قتل کیا گیا۔ جس میں ملوث ہونے کا الزام ایم کیو ایم پر زبان زدِ عام رہا۔اب بھی ایک ہی دن ایک ہی مقام پر دونوں جماعتوں کے کارکنان کے آمنے سامنے آجانے سے کئی خدشات جنم لے رہے ہیں۔
مذکوہ ذریعے کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر قادر مگسی کی جانب سے جب ریلی کا اعلان کیا گیا تھا، تو اس کا چرچا سوشل میڈیا پر ضرور تھا۔ لیکن اتنا نہیں تھا جتنا ایم کیو ایم کی جانب سے اسی دن ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا۔ مذکورہ ذریعے کا یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ، ایم کیو ایم کے اعلان کے بعد باقی قوم پرست جماعتوں نے 22 نومبر کو احتجاج کا جو اعلان کیا ہے وہ پس منظر میں چلا گیا ہے۔ اور اب سب کی نظر 29 نومبر پر ہے۔
اس سلسلے میں سندھ کے محکمہ داخلہ کے اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ اور انتظامیہ کی اس معاملے پر گہری نظر ہے۔ اس سلسلے میں ایسی موثر حکمت عملی تیار کی جارہی ہے کہ تصادم پیدا ہونے کی صورت حال پیش نہ آئے۔ اور دونوں جماعتوں کے کارکنان ایک دوسرے کے آمنے سامنے نہ آئیں۔ اس سلسلے میں چار روز قبل سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اپنی پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرچکے ہیں کہ ایم کیو ایم کی قیادت کو ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اگر وہ باز نہیں آئے تو ان کی پوری قیادت کو گرفتار کیا جائے گا۔ جبکہ اس سلسلے میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا یہ موقف بھی سامنے آیا ہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے اسی دن ریلی نکالنے سے خدشہ ہے کہ کہیں 12 مئی 2007ء کی تاریخ نہ دہرائی جائے۔ جبکہ اسی سلسلے میں صوبائی محکمہ داخلہ کے ایک اور ذریعے نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ حکومت کی پہلی ترجیح ہر صورت میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھ کر اور تصادم کی صورتحال پیدا نہ ہونے دینا ہے۔
مذکورہ ذریعے کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ضرورت پڑی تو نہ صرف ڈاکٹر قادر مگسی کی ریلی کا روٹ تبدیل کرایا جا سکتا ہے۔ بلکہ ان کی ریلی کو ملیر کے علاقے تک محدود بھی کیا جاسکتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ، کسی بھی جماعت کو حکومت نے ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ کیونکہ پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔