قمر باجوہ سے ہیلو ہائے ہوئی، وقت کے ساتھ دشمنی دوستی میں بدل سکتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

بیرسٹر گوہر کا بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان، سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات ضروری قرار

November 10, 2026 · قومی

قمر باجوہ سے ہیلو ہائے ہوئی، وقت کے ساتھ دشمنی دوستی میں بدل سکتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ شادی کی تقریب میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صرف ہیلو ہائے ہوئی، وقت کے ساتھ دشمنی دوستی اور دوستی دشمنی میں بدل سکتی ہے، نفرتیں ختم ہونی چاہئیں۔

اڈیالہ روڈ راولپنڈی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بھی دوسری جماعتوں کی طرح انتخابات میں میدان میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی اور اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے حوالے سے خبروں کو اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے اس کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ سے سلام دعا کے سوا کوئی بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتی، ہر ادارے کے سربراہ کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے جیل میں ملاقاتوں سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دو سال سے عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہورہا، امید ہے کہ اس مرتبہ حکم پر عمل درآمد ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کے باعث سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں جو خبر لائے، وہ حوصلہ افزا نہیں تھی۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا۔

حکومت سے بات چیت کے حوالے سے سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت اور وزیر داخلہ سے رابطہ رہتا ہے، تاہم اس وقت نہ مذاکرات ہورہے ہیں اور نہ ہی پس پردہ کوئی بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلے میں ہوئی ہیں اور مشترکہ مسائل پر دونوں جماعتیں اکٹھی ہوسکتی ہیں، تاہم مشترکہ تحریک کی بات ابھی قبل از وقت ہے۔

خیبر پختونخوا کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی جمہوری حکومت کا متبادل نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے احتجاج کے لیے باہر نہ نکلنے سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہیے کہ عوام کا غصہ ختم ہوگیا ہے۔