چینی نوجوان نے 30 سال کی عمر میں 14 فلیٹس خرید کر ملازمت چھوڑ دی،کرائے سے سالانہ 3 کروڑ روپے آمدن

شمال مشرقی چین کے صوبے جیلن سے تعلق رکھنے والے فان جون جی نے روزگار کے سلسلے میں چانگشا کا رخ کیا تھا، جہاں وہ صحت سے متعلق آن لائن کاروبار میں روزانہ تقریباً 18 گھنٹے کام کرتے تھے۔

November 11, 2026 · امت خاص
چینی نوجوان نے 30 سال کی عمر میں 14 فلیٹس خرید کر ملازمت چھوڑ دی،کرائے سے سالانہ 3 کروڑ روپے آمدن

چینی نوجوان نے 30 سال کی عمر میں 14 فلیٹس خرید کر ملازمت چھوڑ دی،کرائے سے سالانہ 3 کروڑ روپے آمدن

چین میں ایک نوجوان نے صرف 30 سال کی عمر میں 14 پرانے فلیٹس خرید کر کرائے کی آمدن سے مالی خودمختاری حاصل کرلی اور ملازمت چھوڑ دی۔ تاہم اب اس نے جائیداد خریدنے کے بجائے منافع دینے والے حصص اور سرمایہ کاری فنڈز میں رقم لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمال مشرقی چین کے صوبے جیلن سے تعلق رکھنے والے فان جون جی نے روزگار کے سلسلے میں چانگشا کا رخ کیا تھا، جہاں وہ صحت سے متعلق آن لائن کاروبار میں روزانہ تقریباً 18 گھنٹے کام کرتے تھے۔

بڑے شہروں میں جائیداد کی بلند قیمتیں دیکھنے کے بعد انہیں چانگشا کے پرانے اور چھوٹے فلیٹس سستے محسوس ہوئے۔ انہوں نے 2023 میں جائیداد خریدنے کا سلسلہ شروع کیا اور دو برس کے دوران 20 لاکھ یوان سے زائد رقم خرچ کرکے 14 پرانے فلیٹس خرید لیے۔

ان میں سے 11 فلیٹس کرائے پر دے دیے گئے، جن سے انہیں سالانہ تقریباً 2 لاکھ 10 ہزار یوان، یعنی 31 ہزار 500 امریکی ڈالر آمدن حاصل ہونے لگی۔

فان جون جی نے خاص طور پر شیانگیا اسپتال کے آس پاس فلیٹس خریدے۔ مرمت کے اخراجات کم رکھنے کے لیے تمام فلیٹس کی تزئین و آرائش کا ایک جیسا طریقہ اپنایا اور ضروری سامان بھی پہلے سے محفوظ رکھا۔

ان کا سب سے سستا فلیٹ ڈیڑھ لاکھ یوان میں خریدا گیا، جس سے ماہانہ 1700 یوان کرایہ ملتا ہے، جبکہ سب سے مہنگے فلیٹ پر ٹیکس، ایجنسی فیس اور مرمت سمیت تقریباً 3 لاکھ 10 ہزار یوان خرچ ہوئے، جس کا ماہانہ کرایہ 2200 یوان ہے۔

تاہم مالک مکان بننے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ کرائے کی آمدن مکمل طور پر غیر فعال کمائی نہیں۔ مرمت، ٹیکس، ایجنسی فیس اور کرایہ داروں کے معاملات نے ان کے لیے مشکلات پیدا کیں، جبکہ جائیداد کی گرتی ہوئی قیمتوں نے سرمایہ ڈوبنے کا خطرہ بھی بڑھا دیا۔

26 اکتوبر کو انہوں نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ اب مزید جائیداد نہیں خریدیں گے، کیونکہ ان کے بقول سستی جائیداد خریدنے کا بہترین وقت گزر چکا ہے۔

اب ان کا ارادہ ہے کہ جائیداد سے حاصل ہونے والی آمدن کے بجائے منافع دینے والے سرمایہ کاری فنڈز اور زیادہ منافع والے حصص میں رقم لگائیں۔ ان کے مطابق کرایہ اور حصص سے ملنے والا منافع دونوں آمدن کے ذرائع ہیں، تاہم حصص اور فنڈز کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ انہیں ضرورت پڑنے پر نسبتاً جلد فروخت کیا جاسکتا ہے، جبکہ فلیٹ کرائے پر دینے اور آمدن شروع ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

فان جون جی کی کہانی چین کے سماجی ذرائع ابلاغ پر 20 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھی جاچکی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں 1995 کے بعد پیدا ہونے والے نوجوان چین میں منافع دینے والے حصص کے اشاریوں پر مبنی فنڈز کے صارفین کا تقریباً 40 فیصد تھے، جن کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 44 فیصد اضافہ ہوا۔

تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ حصص سے ملنے والا منافع یقینی آمدن نہیں ہوتا۔ کمپنیوں کی مالی کارکردگی خراب ہونے پر منافع کم یا ختم ہوسکتا ہے، جبکہ حصص کی قیمتیں گرنے سے اصل سرمایہ بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

فان جون جی نے اپنے مالی معاملات میں تنوع بھی رکھا ہے۔ ہنگامی ضروریات کے لیے رقم علی پے کی مالیاتی سہولت یو ای باؤ میں رکھتے ہیں، جبکہ آئندہ ایک سے تین برس کے اخراجات کے لیے کم خطرے والے قرضہ جاتی فنڈز اور بینکوں کی سرمایہ کاری اسکیموں کا انتخاب کیا ہے۔

وہ اس وقت لاؤس میں رہائش اور سفر کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حکمت عملی ہر شخص کے لیے موزوں نہیں، اس لیے سرمایہ کاری کا فیصلہ اپنی مالی صورتحال اور ضروریات کو مدنظر رکھ کر کرنا چاہیے۔