پاکستان آرمی نے 46 ویں ’پارا‘ سینٹرل میٹ ٹرافی اپنے نام کر لی
نشانہ بازی میں پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنا ایک بہترین سپاہی کا طرہ امتیاز ہے ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی: آرمی مارکسمین شپ یونٹ جہلم میں 46 ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (پارا) سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی
ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے، جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ائیرمل نوید اشرف نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نشانہ بازی کا یہ عظیم الشان قومی مقابلہ 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک جاری رہا، جس میں مسلح افواج (آرمی، نیوی، ایئر فورس)، سول آرمیڈ فورسز (رینجرز پنجاب و سندھ، گلگت بلتستان اسکاؤٹس)، تمام صوبائی ٹیموں اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن سمیت 1500 سے زائد نشانہ بازوں اور شہریوں نے حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 4th انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کی۔ پاکستان آرمی کی آرمی مارکسمین شپ یونٹ نے پرائم منسٹر ‘اسکلز ایٹ آرمز’ بگ بور نیشنل چیلنج میچ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹری شوٹنگ کے سب سے اعلیٰ انفرادی اعزاز ‘ماسٹر ایٹ آرمز’ ٹرافی سے پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو نوازا گیا۔پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پرو فیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی فتح اپنے نام کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے اختتام پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔

اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نشانہ بازوں کی بہترین مہارت اور دائرہِ نشانہ کی درستگی کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ نشانہ بازی میں پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنا ایک بہترین سپاہی کا طرہ امتیاز ہے اور چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ رہنی چاہیے۔

قبل ازیں، جہلم آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیویشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔