اے آئی بحران، برطانوی یونیورسٹیوں میں پرانے طریقے سے امتحانی پرچے لینے کا فیصلہ
جامعات کو ایسے امتحانی طریقے اپنانے کی ضرورت ہے جن میں اے آئی کا استعمال شامل نہ ہو، جبکہ مصنوعی ذہانت کے فوائد سے استفادہ کرتے ہوئے اس کے ممکنہ نقصانات سے بھی بچنا ہوگا۔
اے آئی بحران، برطانوی یونیورسٹیوں میں پرانے طریقے سے امتحانی پرچے لینے کا فیصلہ
آفس فار اسٹوڈنٹس (او ایف ایس) کی ایک تحقیق کے مطابق جامعات میں اسائنمنٹس، تحقیقی مقالوں اور اوپن بک امتحانات میں مصنوعی ذہانت کا استعمال اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ اساتذہ کے لیے یہ جاننا مشکل ہو گیا ہے کہ طلبہ نے اپنا کام خود کیا ہے یا اے آئی کی مدد سے تیار کیا ہے۔
تحقیق میں تجویز دی گئی ہے کہ طلبہ کی قابلیت جانچنے کے لیے روایتی تحریری امتحانات، بالمشافہ پریزنٹیشنز اور زبانی امتحانات کا استعمال بڑھایا جائے تاکہ ان کی حقیقی معلومات اور صلاحیتوں کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
او ایف ایس کے ڈائریکٹر اسٹریٹجی اینڈ ڈیلیوری جوش فلیمنگ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم میں مصنوعی ذہانت کا استعمال موجودہ نظام کے لیے ایک بڑا خطرہ بن رہا ہے، کیونکہ اس سے طلبہ کی تعلیم اور جامعات کی جانب سے ان کی کارکردگی جانچنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جامعات کو ایسے امتحانی طریقے اپنانے کی ضرورت ہے جن میں اے آئی کا استعمال شامل نہ ہو، جبکہ مصنوعی ذہانت کے فوائد سے استفادہ کرتے ہوئے اس کے ممکنہ نقصانات سے بھی بچنا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق متعدد جامعات پہلے ہی اپنے امتحانی طریقوں میں تبدیلیاں کر رہی ہیں۔ ان میں کلاس روم میں تحریری امتحانات، زبانی انٹرویوز، طلبہ سے اے آئی کے تیار کردہ مواد پر تنقید یا اس کی تدوین کروانا اور تحقیق کے مختلف مراحل کی وضاحت طلب کرنا شامل ہے۔
تحقیق میں 127 جامعات اور کالجوں کے 300 سے زائد طلبہ اور عملے کے ارکان سے گفتگو کی گئی۔ اس دوران بعض اساتذہ نے بتایا کہ اسائنمنٹس اب بڑے پیمانے پر مکمل یا جزوی طور پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیے جا رہے ہیں۔
طلبہ نے بھی اعتراف کیا کہ ان کے ساتھی بعض اوقات چند منٹوں میں اے آئی کے ذریعے اسائنمنٹس مکمل کر لیتے ہیں اور انہیں وہی نمبر مل جاتے ہیں جو اپنی محنت سے کام کرنے والے طلبہ حاصل کرتے ہیں۔ بعض طلبہ کے مطابق ان کے ساتھی جمع کرائے گئے کام کی بنیادی تفصیلات بھی یاد نہیں رکھ پاتے۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اساتذہ کو بڑی تعداد میں ایسے اسائنمنٹس موصول ہو رہے ہیں جن کا اندازِ تحریر، حوالہ جات اور مواد ایک دوسرے سے ملتا جلتا ہوتا ہے۔ اس صورتحال نے موجودہ امتحانی نظام کی افادیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
برطانوی محکمہ تعلیم نے جامعات پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیں، جبکہ یونیورسٹیز یوکے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعدد تعلیمی ادارے پہلے ہی امتحانی طریقوں میں نمایاں تبدیلیاں کر چکے ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
او ایف ایس نے خبردار کیا ہے کہ اگر جامعات طلبہ کی حقیقی معلومات اور صلاحیتوں کو جانچنے کے قابلِ اعتماد طریقے اختیار نہ کر سکیں تو یہ ان کی رجسٹریشن کی شرائط کی خلاف ورزی بن سکتی ہے اور متعلقہ اداروں کو پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔