این ویڈیا کے حصص کو بڑا دھچکا،قیمت کا ہدف 500 سے 200 ڈالر کر دیا گیا
اے آئی کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سرمائے کے اخراجات میں اضافے کی شرح 40 فیصد یا اس سے بھی کم ہو سکتی ہے۔
این ویڈیا کے حصص کو بڑا دھچکا،قیمت کا ہدف 500 سے 200 ڈالر کر دیا گیا
بیرڈ کے تجزیہ کار ٹرسٹن گیرا کے مطابق ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر اور اے آئی انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی رفتار 2027 میں توقعات سے کم رہ سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اے آئی کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سرمائے کے اخراجات میں اضافے کی شرح 40 فیصد یا اس سے بھی کم ہو سکتی ہے۔
بیرڈ نے این ویڈیا کے حصص کی درجہ بندی کم کرکے نیوٹرل کر دی ہے، جبکہ مورگن اسٹینلے نے بھی کمپنی کو اپنی ترجیحی حصص کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
دوسری جانب این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کی ذاتی زندگی سے متعلق سامنے آنے والے تنازع نے بھی کمپنی کی قیادت کے مستقبل پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ایک رپورٹ میں ان کے مبینہ طور پر چین سے تعلق رکھنے والی خاتون سے تعلقات کے الزامات کا ذکر کیا گیا ہے، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
جینسن ہوانگ نے اتوار کو ملازمین کے نام خط میں ازدواجی تعلقات سے باہر تعلق کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر پورا نہیں اتر سکے اور کمپنی، بورڈ، شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ بورڈ کے مطابق فی الحال اسے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ امریکی قومی سلامتی یا کمپنی کی خفیہ ٹیکنالوجی کو نقصان پہنچا ہے، تاہم تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ معاملہ امریکی سیاست میں بھی زیر بحث ہے۔ ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور اور انٹیلی جنس کمیٹیوں کے ارکان نے جینسن ہوانگ سے 18 نومبر تک بریفنگ دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مبینہ جاسوسی اور امریکی جدید ٹیکنالوجی تک ممکنہ رسائی کے خدشات کا جائزہ لیا جا سکے۔
ٹیکنالوجی تجزیہ کار ڈین آئیوز نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ جینسن ہوانگ کو چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان 15 فیصد ہے۔ ان کے مطابق اگر ایسا ہوا تو این ویڈیا کی کمپنی اور حصص کی قدر میں 25 سے 30 فیصد تک کمی کا خدشہ ہو سکتا ہے۔
حصص بازار میں بدھ کے روز این ویڈیا کے حصص میں 2.92 فیصد اضافہ ہوا اور قیمت 173.73 ڈالر پر بند ہوئی، تاہم اس سے ایک روز قبل حصص میں 5 فیصد کمی ہوئی تھی۔ کمپنی کے حصص رواں سال اب تک تقریباً 8 فیصد نیچے ہیں۔
این ویڈیا کے لیے اگلا اہم مرحلہ 16 نومبر کو سامنے آئے گا، جب کمپنی اپنی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرے گی۔ سرمایہ کاروں کی توجہ اب ان نتائج اور کمپنی کی قیادت سے متعلق صورتحال پر مرکوز ہے