افریقہ میں ’گورا ہونے کا جنون اربوں ڈالر کمانے کا ذریعہ بن گیا
صرف افریقی ممالک میں فیئرنس بیوٹی کریمز کے بزنس کا سالانہ حجم دو ارب ڈالر تک پہنچ چکا- عالمی پیمانے پر ہر سال 9 ارب ڈالر سے زائد کمائی ریکارڈ
فائل فوٹو
افریقی خواتین اور مردوں میں گورا ہونے کے جنون نے بیوٹی انڈسٹری کو اربوں ڈالر کے منافع بخش کاروبارمیں بدل دیا ہے۔ اسی بنا پرافریقہ عالمی سطح پر گورا کرنے والی کریموں کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی منڈی بن چکا ہے۔ جس کے باعث افریقہ عالمی سطح پر ان کریموں کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی بڑی مارکیٹوں کی فہرست میں آگیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق صرف افریقی براعظم میں اسکن لائٹننگ و بیوٹی کریمز کی مارکیٹ کا سالانہ حجم 1.5 سے 2 ارب ڈالر کے درمیان پہنچ چکا ہے، جبکہ عالمی سطح پر یہ مجموعی انڈسٹری 9 ارب ڈالر کے قریب ہے۔
ماہرین کے مطابق افریقی ممالک میں طلب، آن لائن ای کامرس کی وسعت اور مقامی بیوٹی سیلونز کے بے لگام پھیلاؤ کے باعث افریقہ میں اس انڈسٹری کی سالانہ نمو 6 سے 8 فیصد کی تیزرفتار سے ہورہی ہے۔ جس کے نتیجے میں آئندہ چند برسوں میں صرف افریقی براعظم کی اسکن لائٹننگ مارکیٹ سے سالانہ کمائی 3 ارب ڈالرسے تجاوز کرنے کا امکان ظاہرکیا جارہا ہے۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آیا ہے کہ مرکری، ہائیڈروکوئنون اور اسٹیرائڈز جیسے مہلک کیمیکلز سے تیار کردہ بیوٹی کریمز، لوشن اور صابن کو سب سے زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔ سرکاری سطح پر سختی اور قانونی پابندیوں کے باوجود خواتین کے ساتھ مرد بھی آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے انہیں گراں قدرقیمتوں پربھی خریدنے پر آمادہ ہیں۔
پابندیوں کے باوجود نائجیریا، گھانا، روانڈا، تنزانیہ، جنوبی افریقہ، سینیگال، یوگنڈا اور کینیا میں یہ کیمائی کریمیں کھلے عام فروخت ہورہی ہیں۔ روانڈا اور گھانا نے اگرچہ مرکری اور ہائیڈروکوئنون والی مصنوعات کی برآمد و فروخت پر سخت ترین قوانین نافذ کررکھے ہیں، لیکن اس کے باوجود آن لائن ای کامرس پلیٹ فارمز، مقامی اوپن مارکیٹوں، بیوٹی سیلونز اورسرحد پارسے ہونے والی سمگلنگ کے ذریعے ان کی فراہمی جاری ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچنے کے لیے فروخت کنندگان انہیں گمراہ کن ناموں کے ذریعے خواتین تک پہنچاتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق افریقہ میں زہریلے اجزا سے لیس کریموں کی بڑے پیمانے پر ایکسپورٹ اور اسمگلنگ بنیادی طور پر جنوب مشرقی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے بعض ممالک سے ہورہی ہے۔
چین، بھارت، پاکستان، فلپائن اور تھائی لینڈ کی غیر رجسٹرڈ و غیرمعیاری کاسمیٹک مینوفیکچرنگ فیکٹریاں ان مصنوعات کا بڑا ذریعہ ہیں، جہاں سے یہ مختلف برانڈز اور فرضی لیبلز کے تحت افریقی منڈیوں تک پہنچائی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ، متحدہ عرب امارات بین الاقوامی ترسیل اور ری پیکجنگ کے ایک اہم ڈسٹری بیوشن حب کے طور پر استعمال ہوتا ہے، جبکہ بعض افریقی ممالک کے سرحدی راستوں اور مفت تجارتی زونز کے ذریعے یہ زہریلی کریمیں کسٹمز کی جانچ سے بچا کر ایکسپورٹ کردی جاتی ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارے WHO اور UNEP نے افریقہ میں رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کے پھیلاؤ کو صحت کا سنگین بحران قرار دیا ہے۔ نائجیریا، تنزانیہ، گھانا اور یوگنڈا سمیت متعدد ممالک کی منڈیوں اور آن لائن فروخت ہونے والی ان کریموں، لوشنوں اور صابنوں میں مرکری، ہائیڈروکوئنون اور قوی اسٹیرائڈز جیسے خطرناک کیمیکلز استعمال ہورہے ہیں۔ یہ زہریلا کاروبار شہریوں کی ظاہری خوبصورتی تباہ کرنے کے ساتھ ان کے اعصابی نظام اور اندرونی اعضا کو بھی شدید نقصان پہنچارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نائجیریا میں 77 فیصد، کانگو میں 66 فیصد، سینیگال میں 50 فیصد، گھانا میں 39 فیصد اور جنوبی افریقہ میں 32 فیصد خواتین یہ مصنوعات استعمال کرتی ہیں، جبکہ پورے براعظم میں اس کا اوسط استعمال 27.1 فیصد ہے، نائجیریا کی وزارتِ صحت کے مطابق 76 فیصد سے زائد آبادی اس عمل سے واقف ہے اور 40 فیصد افراد اسے خوبصورتی کا لازمی حصہ سمجھتے ہیں، جبکہ وہاں مرد بھی اس کا شکارہورہے ہیں۔
اسی طرح تنزانیہ میں کی گئی ایک طبی تحقیق کے مطابق 54.5 فیصد خواتین یہ کریمیں استعمال کررہی تھیں، جن میں سے صرف 1.3 فیصد نے ڈاکٹر کے مشورے سے کام لیا جبکہ باقی خواتین نے دوستوں یا تجارتی اشتہارات کے دباؤ میں آ کر ان زہریلے کیمیکلز کو اپنایا۔طبی لحاظ سے ان مصنوعات کا سب سے مہلک جزو مرکری (پارہ) ہے، جو جلد کے مساموں سے جذب ہو کر گردوں، اعصابی نظام اور دماغ کو زہر آلود کر دیتا ہے۔
مناماٹا کنونشن کے تحت کاسمیٹکس میں مرکری کی قانونی حد 1 PPM مقرر ہے، مگر عالمی تحقیقات میں بعض مصنوعات میں یہ مقدار اس حد سے ہزاروں گنا زیادہ پائی گئی ہے۔ یوگنڈا کی طبی تحقیق کے مطابق، جلدی امراض کے کلینک انے والے 73.2 فیصد صارفین شدید مسائل کا شکار پائے گئے، جن میں جلد کا پتلا ہونا، کھنچاؤ کے نشانات، شدید کیل مہاسے اور سوزش شامل ہیں۔ افریقہ سمیت عالمی سطح پر جلد گورا کرنے والی غیر معیاری کریموں کے استعمال سے اسکن کینسر کے کیسز مسلسل رپورٹ ہو رہے ہیں۔