نوابشاہ۔صدر مملکت آصف زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہم ملاقات
محسن نقوی ملک کی اہم بڑی شخصیت کا پیغام لائے تھے ، ذرائع زرداری ہاؤس
فائل فوٹو
نوابشاہ : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوابشاہ میں زرداری ہاؤس پہنچ کر صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی جس کے دوران حساس سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے نواب شاہ ایئرپورٹ پہنچنے جہاں صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار،صوبائی وزیر ورکس و سروسز اور جیل خانہ جات حاجی علی حسن زرداری،ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی اور ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنا نے ان کا استقبال کیا اور انہیں سخت سیکیورٹی میں زرداری ہاؤس لے جایا گیا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری سے تقریباً 59 منٹ ملاقات کی ملاقات میں نئے صوبوں، ریفرنڈم اور جے یو آئی کے خلاف ممکنہ کارروائی سے متعلق امور زیرِ بحث آنے کا دعویٰ کیا گیا۔
زرداری ہاؤس کے ذرائع کے مطابق محسن نقوی ملک کی اہم بڑی شخصیت کا پیغام لائے تھے اور آصف علی زرداری کو اعتماد میں لینے کے لئے محسن نقوی کو ہنگامی بنیاد پر نواب شاہ بھیجا گیا۔ ملاقات کرنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ خصوصی طیارے سے واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز، اس حوالے سے ریفرنڈم کرانے کے امکان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے خلاف ممکنہ کارروائی سمیت اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کو سیاسی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا، تاہم ملاقات کے ایجنڈے اور مبینہ پیغام کے حوالے سے کوئی باضابطہ سرکاری تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 8 اکتوبر 2025 کو بھی نوابشاہ پہنچ کر صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی۔