بانی پی ٹی آئی نے محاذ آرائی ختم کر کے معاملات بات چیت سے آگے بڑھانے پر اتفاق کر لیا

اہم پیش رفت، اڈیالہ جیل میں وکلا سے طویل ملاقات، نئے صوبے بنانے کی حمایت کردی

November 13, 2026 · اہم خبریں
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ اور دیگر وکلا۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ اور دیگر وکلا۔

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے معاملات کو محاذ آرائی کے بجائے بات چیت کے ذریعے آگے بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں تقریبا 4 گھنٹے تک طویل ملاقات ہوئی، جو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور زیر التوا مقدمات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو آنکھ اور بلڈ پریشر کا مسئلہ درپیش ہے، تاہم ملاقات کے دوران ان کا ارادہ انتہائی مضبوط اور وہ چاق و چوبند دکھائی دیے۔ دستاویزی اور زرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی ہے اور بیرسٹر گوہر کی مفاہمتی پالیسی کی تائید کرتے ہوئے پارلیمانی پارٹی کو سیاسی معاملات پر مذاکرات کا مینڈیٹ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران 28ویں آئینی ترمیم پر بھی غور کیا گیا اور یہ طے پایا کہ ترامیم کی باضابطہ تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی اس پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی نے نئے صوبے بنانے کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اسے ملک کے مفاد میں قرار دیا ہے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی اور تمام خواتین اسیران کی رہائی کے لیے قانونی کوششیں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب جیل ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اس ملاقات کو کسی بھی خفیہ سیاسی سرگرمی یا پس پردہ ڈیل سے جوڑنا محض قیاس آرائی ہے۔