روس میں ریچھوں کے خونیں حملوں سے کہرام ، رات کا کرفیو نافذ
دو ماہ میں 35 افراد ہلاک، جوابی کارروائی میں 230 سے زائد ریچھ مارے گئے،سائبیریا اور 10 مشرقی علاقوں میں الرٹ جاری
فائل فوٹو
روس میں ریچھوں نے دہشت پھیلادی۔ صرف دو ماہ کے دوران ریچھ کے حملوں میں اب تک 35 افراد جان سے جا چکے ہیں۔ جبکہ جوابی کارروائی میں اب تک 230 سے زائد ریچھوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ریا نووستی‘ کے مطابق تازہ ترین واقعہ مشرقی علاقے کامچاٹکا میں پیش آیا، جہاں ونٹر کیمپ پر تعینات سیکورٹی گارڈ ریچھ کے حملے میں جان کی بازی ہار گیا۔ ہلاکتوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران تیزی آئی۔ اکتوبر کے اوائل میں یہ تعداد 22 تھی، جو اب بڑھ کر35 تک جا پہنچی ہے۔
گزشتہ تین دہائیوں میں موسمِ سرما کی شدت کم ہونے اور دورانیہ سکڑنے کے باعث روس میں بھورے ریچھوں کی آبادی دگنی سے بھی زیادہ بڑھ کر تین لاکھ آٹھ ہزار ہوچکی ہے۔ ماہرِ حیوانات میخائل کریچمار کے مطابق دس فٹ اونچا اور سینکڑوں کلو وزنی روسی بھورا ریچھ جب پچھلے پاؤں پر کھڑا ہوتا ہے تو موت کا دیو نظر آتا ہے۔ اس کا ایک ہی وار بھینس کی کمر توڑ سکتا ہے۔
یہ درندہ بجلی کی تیزی سے جھپٹ کر شکار کو دبوچ لیتا ہے اور اپنے چار انچ لمبے خنجر نما پنجوں سے انسان کی بوٹی بوٹی کر ڈالتا ہے۔ اس کا فولادی جبڑا ہڈیوں اور کھوپڑی کو اخروٹ کی طرح چبا ڈالتا ہے۔
جمہوریہ بوریاتیا کے سربراہ الیکسی تسیدینوف نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ریچھوں کی بے قابو آبادی اور انسانی آبادیوں پر بڑھتے حملوں کی ایک بڑی وجہ یوکرین جنگ کیلئے شکاریوں کی فوج میں بھرتی ہے۔ اس کے علاوہ فصلوں کی خراب پیداوار، جنگلات کی آگ اور چین میں ریچھ کے اعضا کی طلب میں کمی نے بھی اس بحران کو سنگین بنا دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ریچھوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے مقررہ کوٹے کا محض 27 فیصد استعمال کر پا رہا ہے۔ جس کے پیشِ نظر حکومت اب ان کے شکار کے قوانین نرم کرنے پر غورکر رہی ہے۔
روس میں عام طور پر سالانہ 20 سے 30 حملے ریکارڈ ہوتے ہیں۔ تاہم رواں برس صرف ستمبر کے مہینے میں کم از کم 16 افراد ریچھوں کے حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ اکتوبر میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے۔ جبکہ رواں ماہ اب تک تین افراد ریچھ کا نوالہ بن چکے ہیں۔
سب سے زیادہ تباہ کن صورتحال وسطی سائبیریا کے وسیع و عریض خطے کرسنویارسک میں دیکھی گئی۔ جہاں سات افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان میں گھر سے باہر نکلنے والی ایک 51 سالہ خاتون، جنگلاتی پارکنگ میں تعینات سیکورٹی گارڈ اور مشروم چننے والی دو خواتین شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پڑوسی ریجن تووا میں روسی این ایچ ایل کھلاڑی آندرے کزمینکو کے والد مچھلی پکڑتے ہوئے ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہو کر دم توڑ گئے۔ جبکہ التائی کے سیاحتی مقام پر ایک ریچھ خیمہ پھاڑ کر 29 سالہ خاتون کو جنگل میں گھسیٹ کر لے گیا اور ہلاک کردیا۔
رپورٹ کے مطابق جنگلات میں آگ لگنے اور چلغوزے و بیریوں کی کمی نے ریچھوں کو بھوکا کردیا ہے۔ سردیوں کی لمبی نیند سے پہلے جسم میں چربی جمع کرنے کیلئے یہ بھوکے ریچھ خوراک کی تلاش میں بستیوں اور کچرے کے ڈھیروں کا رخ کر رہے ہیں۔ جبکہ جنگلات میں کان کنی اور بڑھتی انسانی سرگرمیوں نے بھی تصادم بڑھایا ہے۔
مقامی حکام کا خیال ہے کہ آبادی بڑھنے سے طاقتور ریچھ کمزوروں کو جنگل سے باہر دھکیل رہے ہیں۔ تاہم ماہرین آبادی کے بجائے کھلے عام پھینکے گئے کچرے اور انسانی غفلت کو اس بحران کا اصل ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ بڑھتے خطرے کے پیشِ نظر سائبیریا اور مشرقی روس کے 10 علاقوں میں ہنگامی الرٹ جاری کرکے التائی اور ارکتسک میں رات کا کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ جبکہ کرسنویارسک کے سیاحتی مقامات بھی بند کر دیے گئے ۔
انتظامیہ نے شکاری ٹیمیں تعینات کرکے ریچھ مارنے پر 35 ہزار روبل (420 ڈالر) انعام رکھا ہے۔ جس کے تحت اب تک 230 سے زائد ریچھ مارے جا چکے ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اندھادھند شکار مسئلے کا حل نہیں۔ کیونکہ زخمی ریچھ مزید خطرناک ہو جاتے ہیں۔ اس لیے کچرا محفوظ بنانے، برقی باڑ لگانے اور عوامی آگاہی پر توجہ دینا ضروری ہے۔
دوسری جانب عالمی سطح پر ریچھوں کے سب سے زیادہ حملے روس، جاپان، بھارت، کینیڈا، امریکہ اور یورپ میں ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔ جہاں جنگلات کی کٹائی اور خوراک کی قلت کے باعث ریچھ انسانی آبادیوں کا رخ کر رہے ہیں۔
رواں برس 2026ء میں ریچھوں کے حملوں سے سب سے زیادہ انسانی ہلاکتیں روس میں ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے بعد جاپان دوسرے نمبر پر نمایاں رہا۔ جہاں 14 ہزار سے زائد ریچھوں کو مارنے کے باوجود رواں سال کم از کم 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ جبکہ شمالی امریکہ اور یورپ میں بلغاریہ و رومانیہ میں بھی متعدد جان لیوا واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
جغرافیائی تقسیم کے لحاظ سے پولر بیئر کو دنیا کا سب سے خطرناک اور جارحانہ ریچھ مانا جاتا ہے۔ جو بنیادی طور پر روس، کینیڈا، الاسکا، گرین لینڈ اور ناروے کے سرد خطوں میں پایا جاتا ہے۔ کیونکہ یہ واحد ریچھ ہے، جو انسانوں کو باقاعدہ شکار سمجھتا ہے۔ اس کے علاوہ گریزلی اور براؤن بیئر (جو روس اور شمالی امریکہ میں بکثرت پائے جاتے ہیں) سائز، طاقت اور انسانی بستیوں سے قربت کی وجہ سے انتہائی خطرناک تصور کیے جاتے ہیں۔ جبکہ ایشیا میں ایشیائی کالا ریچھ اور سلاتھ بیئر بھی اپنی غیر متوقع جارحیت کیلئے مشہور ہیں۔
دنیا بھر میں ریچھوں کی کل آٹھ بنیادی اقسام ہیں۔ جن میں براؤن بیئر، امریکن بلیک بیئر، پولر بیئر، ایشیائی کالا ریچھ، سلاتھ بیئر، سن بیئر، سپیکٹیکلڈ بیئر اور جائنٹ پانڈا شامل ہیں۔ تخمینوں کے مطابق اکیلے براؤن بیئر کی عالمی آبادی تین لاکھ سے زائد ہے۔ جبکہ دیگر تمام انواع کی آبادی جنگلات کی کٹائی اور شکار کے باعث محدود ہو کر ہزاروں میں رہ گئی ہے۔