کراچی : این سی سی آئی اے کی کارروائی، جعلی پیرنی کے ہاتھوں لٹنے والی خاتون کے 25 لاکھ روپے برآمد
آن لائن مالی فراڈ کا ازالہ، متاثرہ خاتون کو رقم واپس مل گئی، ادارے کی جانب سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
فائل فوٹو
کراچی : نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے کراچی زون نے فیس بک پر قرآنی وظائف اور موکل فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر ایک خاتون سے ہتھیا جانے والے 25 لاکھ روپے کامیابی سے ریکور کروا لیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر آن لائن مالی فراڈ کا شکار ہونے والے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں متاثرہ خاتون سیدہ ارجمند کی جانب سے دائر کردہ شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
دستاویزات اور تفتیشی تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون فیس بک پر “قرآنی وظائف” کے نام سے چلائے جانے والے ایک پیج کے ذریعے اس فراڈ کا شکار بنی تھیں۔ مذکورہ پیج چلانے والی مبینہ جعلی پیرنی عوام کو پیسوں کے عوض وظائف بتانے، زندگی کی مشکلات دور کرنے اور موکل فراہم کرنے کا جھانسہ دیتی تھی۔ خاتون کو بھی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ مخصوص وظائف پڑھنے سے ان के تمام مسائل حل ہو جائیں گے اور انہیں 2 موکل بھی فراہم کیے جائیں گے۔
فراڈ کی اس نذر میں آ کر خاتون نے نومبر 2025 کے دوران مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے تھے۔ بعد ازاں حقیقت سامنے آنے پر خاتون نے این سی سی آئی اے سے رجوع کیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے معلوم ہوا کہ یہ رقم آفاق نامی شخص کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی۔ ادارے نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکاؤنٹ ہولڈر تک رسائی حاصل کی اور متاثرہ خاتون کی مکمل رقم واپس کروا دی۔
این سی سی آئی اے نے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر جعلی عاملوں، پیروں اور پیرنیوں کے چنگل میں نہ پھنسیں اور روحانی علاج یا موکل فراہم کرنے کے نام پر رقم طلب کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہیں۔ کسی بھی آن لائن فراڈ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ادارے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔