اخلاق باختہ بھارتی کامیڈین کے شو میں ہندو لڑکی کو مسلمان ظاہر کرکے اسلام کی تضحیک

شو ‘انڈیا’ز گاٹ لیٹنٹ سیزن 2 میں ایک متنازع واقعہ

November 14, 2026 · امت خاص
تصاویر: سوشل میڈیا

تصاویر: سوشل میڈیا

اخلاق باختہ حرکات کے لیے بدنام بھارتی کامیڈین سمی رائنا (Samay Raina) کے مقبول یوٹیوب اور نیٹ فلکس شو ‘انڈیا’ز گاٹ لیٹنٹ’ (India’s Got Latent) سیزن 2 میں ایک متنازع واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ہندو لڑکی کو مسلمان عورت کے روپ میں پیش کر کے اسلام اور مسلمان معاشرے کی تضحیک کی گئی۔

شو میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اسٹیج پر آتی ہیں اور اپنا نام سلما دیوانی بتاتی ہیں۔ وہ حیدرآبادی لہجے میں بات کرتی ہیں اور مسلمان عورت ظاہرکرتی نظر آتی ہیں۔ جب سمی رَائنا ان سے پوچھتے ہیں کہ آپ یہاں کس کے ساتھ آئی ہیں تو وہ جواب دیتی ہیں کہ اپنے کزن کے ساتھ۔ اس موقع پروہاں پینل میں بیٹھی اداکارہ ہما قریشی کہتی ہیں کہ ان کا کزن کون ہے تو سمی رائنا کہتا ہے ا ن کے ‘ہسبینڈ۔یعنی شوہر۔ اس بے ہودہ نما مذاق پر اسٹوڈیو میں ٹھٹھے لگتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے شیئر ہونے کے بعد انکشاف ہوا کہ مذکورہ خاتون کا اصل نام سلما نہیں بلکہ بھاگیشری تارکے (Bhagyashree Tarke) ہے۔ وہ ہندو پس منظر سے تعلق رکھتی ہیں اور تھیٹر کی فنکارہ ہیں۔ انہوں نے شو میں ‘سلما دیوانی’ کا کردار ادا کیا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا اقدام ہے تاکہ مسلمانوں کے بارے میں منفی تاثر پھیلایا جا سکے اور اسلام کی تضحیک ہو۔ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا سمی رَائنا اور شو کے پروڈیوسرز کو علم نہیں تھا کہ مذکورہ لڑکی کا اصل نام بھاگیشری ہے؟ کیا ہندو لڑکی کو مسلمان نام دے کر اور پھر کزن کو شوہر قرار دے کر مذاق اڑانا محض کامیڈی ہے یا مخصوص مذہبی گروہ کے خلاف تعصب؟

سمی رَائنا کے شو پر پہلے بھی متعدد بار متنازع اور اخلاقیات سے عاری مواد کی شکایات آ چکی ہیں۔ اس نئے واقعے نے ایک بار پھر ان کی کامیڈی کے معیار اور مذہبی حساسیت کے فقدان پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔