ملک میں نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کرانے کی تیاریوں میں تیزی
سیاسی اتفاق رائے کا فقدان، آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت مشاورت شروع، 10 سے 12 نئے صوبے بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔
ملک میں نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کرانے کی تیاریوں میں تیزی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے انعقاد کے لیے تیاریوں اور ہوم ورک میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے، جس کے ذریعے قومی اہمیت کے اس معاملے پر عوامی رائے حاصل کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم قومی اسمبلی اور سینیٹ کے آئندہ اجلاسوں میں قرارداد پیش کرکے ریفرنڈم کی اجازت حاصل کرسکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ میں نئے صوبوں کی مخالفت اور پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم کے لیے مطلوبہ حمایت نہ ملنے کے بعد یہ تجویز سامنے آئی ہے۔ پی ٹی آئی نے بھی تحال مجوزہ آئینی ترمیم کی حمایت کا واضح عندیہ نہیں دیا، جس کے باعث حکومت عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کے راستے پر غور کر رہی ہے۔
وزارت قانون، پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل آفس اس پورے عمل کے آئینی اور قانونی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم کی آئینی حیثیت کے تعین کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے تاکہ مارچ 2027 کے پہلے ہفتے میں متوقع سینیٹ انتخابات سے قبل اس معاملے کو آگے بڑھایا جا سکے۔
دستاویزات اور پارلیمانی ذرائع کے مطابق ملک میں 10 سے 12 نئے صوبے بنانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت پنجاب کو 4 جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو 2، 2 حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان اسمبلی میں بھی نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قرارداد منظور کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ حکومت اس اہم معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔