شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 16 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید
انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، علی خیل اور دتہ خیل میں مقابلے، عزمِ استحکام جاری رہے گا۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 16 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید
شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 16 خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل، علی خیل اور گردونواح میں کی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں علی خیل کے مقام پر 12 خوارج ہلاک ہوئے جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میر علی اور دتہ خیل میں مزید 2، 2 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ان جھڑپوں کے دوران وطن کا دفاع کرتے ہوئے 2 جوانوں نے شہادت کا رتبہ پایا، جن میں ضلع صوابی کے 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور ضلع مردان کے 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں۔ کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
دریں اثنا، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ رہنماؤں نے شہید ہونے والے حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔