بھارتی ونگ کمانڈر پر پاکستان کو حساس معلومات فراہم کرنے کا چارج
خاتون کے چکر میں جنگی منصوبوں کی دستاویزات۔ ڈرونز کی صلاحیتوں۔ طیاروں کی نقل و حرکت سمیت حساس معلومات فراہم کیں۔ دہلی پولیس
بھارتی ونگ کمانڈر پر پاکستان کو حساس معلومات فراہم کرنے کا چارج
دہلی (فارن ڈیسک ) بھارتی فضائیہ کے ایک ونگ کمانڈر کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے اہلکار کو انتہائی حساس فوجی معلومات فراہم کرنے کے الزام میں چارج شیٹ کر دیا گیا ہے۔ ملزم پر 5 ماہ قبل گرفتاری کے بعد آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دہلی کی عدالت میں پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی چارج شیٹ کے مطابق ونگ کمانڈر نے جنگی منصوبوں کی دستاویزات ، ڈرونز کی صلاحیتوں، فوجی تعیناتی کے مقامات، جنگی طیاروں کی نقل و حرکت اور حساس فوجی تنصیبات کے جغرافیائی نقاط سمیت خفیہ آپریشنل معلومات پاکستان کے ایک مشتبہ انٹیلی جنس اہلکار کو فراہم کیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان معلومات کے افشا ہونے سے بھارت کے اہم فوجی اثاثوں کو خطرات لاحق ہوئے، اورقو می سلامتی داؤ پر لگ گئی۔ چارج شیٹ کے مطابق ملزم نے ایک خفیہ ڈرون یونٹ کی افرادی قوت، تنظیمی ڈھانچے، آپریشنل صلاحیتوں، جنگ کی صورت میں تعیناتی کے لیے مختص مقامات، ڈرونز کے تجربات، ہتھیاروں کے نظام کی پرواز کی مدت اور اہداف کو نشانہ بنانے کے طریقہ کار سے متعلق معلومات بھی مشتبہ پاکستانی اہلکار کو فراہم کیں۔
پولیس کے مطابق ونگ کمانڈر 12 جنوری سے یکم اپریل تک واٹس ایپ کے ذریعے مذکورہ اہلکار جس نے خاتون کا روپ دھار رکھا تھا، سے رابطے میں رہا، تاہم دفتر میں اسمارٹ فون لے جانے پر روک کر تلاشی لیے جانے سے اس کا معاملہ کھل گیا۔ پولیس کی چارج شیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مشتبہ پاکستانی ایجنٹ کی جانب سے ایک برہنہ تصویر بھیجے جانے کے بعد بھارتی ونگ کمانڈر نے خفیہ جنگی منصوبے کے ایک صفحے کی تصویر اپ لوڈ کی اور مبینہ طور پر یہ بھی کہا کہ ہر برہنہ تصویر کے بدلے وہ جنگی منصوبے کا ایک نیا صفحہ فراہم کرے گا۔
پولیس کے مطابق پاکستانی اہلکار نے ملزم کو ایسی نقصان دہ ایپلی کیشنز بھی بھیجیں جن کے ذریعے اس کے موبائل اور دیگر آلات میں محفوظ حساس معلومات اور اعلیٰ فوجی حکام کے ساتھ رابطوں تک رسائی حاصل کی جاسکتی تھی۔
چارج شیٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ونگ کمانڈر نے اپنے ماتحت یونٹ میں تعینات 5 اہلکاروں کے آئی سی ٹی آلات میں مخصوص میل ویئر اور اسپائی ویئر انسٹال کرنے کا کام بھی انجام دیا۔ ملزم نے لیہہ میں جنگی طیاروں کی تعیناتی اور راجستھان کے شہر سورت گڑھ میں مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج پر ہونے والی فوجی مشق سے متعلق معلومات بھی افشا کیں۔
پولیس کے مطابق واٹس ایپ ڈیٹا کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ بھارتی ونگ کمانڈر اور مشتبہ پاکستانی اہلکار کے درمیان مجموعی طور پر 3,008 تحریری پیغامات ، 65 تصاویر ، 65 ری ایکشنز ، 42 وائس کالز ، 4 ویڈیو کالز اور 6 ویب لنکس کا تبادلہ ہوا۔