خیبر پختون کے ڈھائی ہزار اسکول خطرناک قرار

تدریسی سرگرمیاں فوری بند کرنے کا حکم دیدیا گیا ۔ 3 ہزار 400 اسکول کی عمارتوں کو مرمت کی ضرورت صوبے کی سرکاری جامعات کا خسارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا۔ بھرتیوں پر پابندی

November 14, 2026 · امت خاص
خیبر پختون کے ڈھائی ہزار اسکول خطرناک قرار

خیبر پختون کے ڈھائی ہزار اسکول خطرناک قرار

پشاور سمیت صوبہ بھر میں ڈھائی ہزار اسکول خطرناک قرار دے دیئے گئے ۔ جن میں تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کی 26 جامعات مالی بحران کا شکار ہیں ۔ جبکہ گورنر نے جامعات میں غیر ضروری بھرتیاں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امت کو دستیاب معلومات کے مطابق پشاور سمیت صوبہ بھر کے تقریبا ہر دوسرے اسکول کی عمارت میں حفاظتی خامیاں سامنے آئی ہیں۔ جبکہ ڈھائی ہزار کے قریب اسکولوں کو طلبہ اور اساتذہ کیلئے غیر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔ سیفٹی آڈٹ کی رپورٹ نے سرکاری تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی خستہ حالی اور حفاظتی انتظامات کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔

رپورٹ کے بعد محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے غیر محفوظ قرار دیئے گئے تمام اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں اسکولوں کی عمارتوں کی سلامتی سے متعد آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 8 ہزار 1928 اسکولوں کا معائنہ کیا گیا،

جن میں سے 2 ہزار 448 اسکولوں کی عمارتیں طلبہ اور اساتذہ کیلئے غیر محفوظ قرار پائی ہیں۔ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ تقریبا3 ہزار 400 اسکولوں کی عمارتوں کو مرمت کی ضرورت ہے۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے غیر محفوظ قرار دیے گئے اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر روکنے کی ہدایت کی ہے تا کہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

تاہم ان اسکولوں کی عمارتوں کی مرمت ، حفاظتی خامیوں کے خاتمے اور دوبارہ تدریسی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے درکار اقدامات اب ایک بڑا چیلنج بن گئے ہیں۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کی 26 جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں اور ان جامعات کا مجموعی خسارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔

صوبائی محکمہ اعلی تعلیم نے مالی مشکلات پر قابو پانے کیلئے وفاقی حکومت سے 18 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سیکریٹری ہائر ایجو کیشن خیبر پختونخوا نے چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو خط ارسال کیا، جس میں صوبے کی سرکاری جامعات کو در پیش مالی مشکلات کی نشاندہی کی گئی۔

خط کے مطابق صوبے کی سرکاری جامعات میں سے 26 مالی خسارے کا سامنا کر رہی ہیں اور ان کا مجموعی خسارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔ مالی مشکلات کے باعث تقریباً 2 لاکھ طلبا متاثر ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے بقول سیکر یٹری ہائر ایجوکیشن نے خط میں بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گرانٹ میں 6.3 فیصد کمی ہوئی ہے۔

جس سے جامعات کے مالی مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔ صوبائی محکمہ اعلی تعلیم نے وفاق سے 18 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کرنے کے ساتھ جامعات کو طلبا کی تعداد کے تناسب سے گرانٹس دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ تا کہ تعلیمی اداروں کو در پیش مالی مشکلات کم کی جاسکیں ۔ جبکہ گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومت اپنے صوبے کا مقدمہ موثر انداز میں لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھی۔

تاہم اب وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے حقوق حاصل کیے جائیں گے۔ صوبے کی سرکاری جامعات کو در پیش مالی مشکلات کے حل اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جامعات میں غیر ضروری بھر تیوں کا سلسلہ بند کیا جائے گا۔

جبکہ وائس چانسلرز کے انتظامی امور میں کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔ وفاق سے عوامی فلاح و بہبود کی تمام اسکیموں میں خیبر پختونخوا کو اس کا جائز حصہ ملے گا۔ صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے این ایف سی سمیت ہر متعلقہ فورم پر بھر پور آواز اٹھائی جائے گی۔