بنگلہ دیش اور بھارت کی سرحد پر چار روز سے پھنسی خاتون،دونوں ممالک کا اپنا شہری تسلیم کرنے سے انکار
دونوں ممالک کی سرحدی فورسز آمنے سامنے، شناخت کی تصدیق نہ ہونے پر خاتون زیرو لائن پر بے یار و مددگار
بنگلہ دیش اور بھارت کی سرحد پر چار روز سے پھنسی خاتون،دونوں ممالک کا اپنا شہری تسلیم کرنے سے انکار
بنگلہ دیش اور بھارت کی سرحد پر واقع زیرو لائن پر ایک نوجوان خاتون گزشتہ چار روز سے پھنسی ہوئی ہیں، دونوں ممالک انہیں اپنا شہری تسلیم کرنے سے انکار کر رہے ہیں، جس کے باعث وہ سرحد کے درمیان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
یہ واقعہ بنگلہ دیش کے ضلع جمال پور کی دیوان گنج تحصیل کے سرحدی علاقے پاتھر چار میں پیش آیا، جہاں خاتون منگل کی صبح سے زیرو لائن پر موجود ہیں۔ سرحد کے ایک جانب بنگلہ دیش بارڈر گارڈ (بی جی بی) اور دوسری جانب بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) تعینات ہے۔
بنگلہ دیش بارڈر گارڈ کا الزام ہے کہ بھارتی فورس نے خاتون کو زبردستی بنگلہ دیشی حدود میں داخل کرنے کی کوشش کی، تاہم مقامی افراد اور بی جی بی نے انہیں داخل ہونے سے روک دیا۔ دوسری جانب بھارتی حکام کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے درمیان غیر رسمی رابطے بھی ہوئے، تاہم کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ جمعے کی دوپہر تک صورتحال جوں کی توں تھی اور دونوں جانب کے حکام اپنے اپنے مؤقف پر قائم تھے۔
خاتون کی شناخت کا معمہ
زیرو لائن پر موجود خاتون کی شناخت بھی تاحال واضح نہیں ہوسکی۔ مقامی صحافیوں کے مطابق خاتون نے اپنا نام فوجی بیگم اور والد کا نام حنیف بتایا ہے، جبکہ اپنی عمر تقریباً 30 سال بتائی۔
جمال پور کے صحافی فتحی الف حفیظ بابو کے مطابق خاتون کبھی اپنا تعلق ضلع پیروج پور، کبھی جھالاکاٹھی اور کبھی باریسال سے بتاتی ہیں۔ ان کی فراہم کردہ معلومات میں تضاد پایا گیا اور وہ ذہنی طور پر بھی غیر معمولی حالت میں محسوس ہو رہی تھیں۔
جمال پور 35 بی جی بی کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل حسن الرحمٰن نے بی بی سی بنگلہ کو بتایا کہ خاتون مکمل پتہ فراہم نہیں کر پا رہیں اور ان کی معلومات نامکمل ہیں، جس کے باعث ان سے معمول کے مطابق بات چیت کرنا بھی مشکل ہے۔
کھانے پینے کی اشیا پہنچانے پر بھی پابندی
مقامی رہائشیوں کے مطابق واقعے کے بعد سے وہ خاتون کو چاول، بسکٹ اور ڈبل روٹی جیسی اشیا پہنچاتے رہے، تاہم جمعے کو سیکیورٹی سخت ہونے کے باعث یہ سلسلہ بھی رک گیا۔
مقامی صحافی فرہاد رضا کے مطابق ابتدا میں بی جی بی کی اجازت سے خاتون تک پانی اور خشک خوراک پہنچائی جارہی تھی، لیکن جمعے کو بھارتی فورس نے اس پر اعتراض کیا۔
چار روز سے کھلے آسمان تلے دھوپ اور سردی برداشت کرنے والی خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ سیکیورٹی سخت ہونے کے بعد مقامی افراد اور صحافیوں کو بھی ان کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔
دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے مؤقف میں اختلاف
بی جی بی کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل حسن الرحمٰن کے مطابق سرحدی فورسز کے درمیان رابطہ جاری ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ بھارتی فورس خاتون کو واپس لے جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورس کا مؤقف ہے کہ خاتون بنگلہ دیشی شہری ہیں، جبکہ بی جی بی کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں بھارت سے زبردستی بنگلہ دیشی حدود میں داخل کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بی جی بی سرحد پر اپنا سخت مؤقف برقرار رکھے گی، تاہم چار روز گزرنے کے باوجود معاملے کا کوئی حل نہیں نکل سکا۔ دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ فلیگ میٹنگ کے امکان کے حوالے سے بھی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
سرحدی کشیدگی اور پش اِن کے واقعات
بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان 2024 میں بنگلہ دیش کی سیاسی صورتحال تبدیل ہونے کے بعد سے تعلقات میں کشیدگی دیکھی گئی ہے۔ سرحدی علاقوں میں مبینہ طور پر افراد کو زبردستی دوسرے ملک کی حدود میں داخل کرنے کے واقعات بھی دونوں ممالک کے درمیان تنازع کا باعث بنتے رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کا الزام ہے کہ بھارتی فورس بعض افراد کو بنگلہ دیشی شہری قرار دے کر زبردستی اس کی حدود میں داخل کرنے کی کوشش کرتی ہے، تاہم بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔
بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے پارلیمان کو بتایا کہ یکم جنوری 2025 سے 16 فروری 2026 تک بھارت سے مبینہ طور پر 2 ہزار 482 افراد کو بنگلہ دیش میں دھکیلے جانے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے تھے، جبکہ رواں سال 8 نومبر تک یہ تعداد کم ہوکر 37 رہ گئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ بی این پی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سرحدی فورسز کے سخت مؤقف کے باعث ایسے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
فی الحال اس خاتون کی شہریت کا تعین نہیں ہوسکا اور وہ دونوں ممالک کے درمیان زیرو لائن پر موجود ہیں۔