اسلام آباد کا پہلا جدید ڈیجیٹل بلیو ایریا پارکنگ پلازہ عوام کیلئے مکمل طور پر کھول دیا گیا

پلازہ میں 1200 سے زائد گاڑیوں کی گنجائش، 24 گھنٹے پارکنگ اور کیش لیس ادائیگی کی سہولت فراہم

November 14, 2026 · قومی

اسلام آباد کا پہلا جدید ڈیجیٹل بلیو ایریا پارکنگ پلازہ عوام کیلئے مکمل طور پر کھول دیا گیا

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پہلے جدید اور ڈیجیٹل بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کو مکمل طور پر فعال کرتے ہوئے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) انتظامیہ کی جانب سے بلیو ایریا میں تعمیر کیے گئے پارکنگ پلازہ کو عوام کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں بیک وقت 1200 سے زائد گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ یہاں ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ابتدائی طور پر چند روز تک عوام کو پارکنگ کی سہولت بالکل مفت فراہم کی جارہی ہے۔ بعد ازاں گاڑیوں کے لیے 100 روپے جبکہ موٹر سائیکلوں کے لیے 50 روپے پارکنگ فیس مقرر کی گئی ہے۔ تاہم ابتدائی 20 منٹ تک پارکنگ مکمل طور پر مفت ہوگی۔

پلازہ میں جدید ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔

شہریوں کی سہولت کے لیے کیش لیس اور آن لائن ادائیگی کا نظام بھی فراہم کیا گیا ہے۔ جدید نظام کے تحت پارکنگ پلازہ میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ڈیجیٹل طریقہ کار کے مطابق رسیدیں جاری کی جائیں گی، جبکہ پارکنگ فیس گاڑی یا موٹر سائیکل باہر نکالتے وقت وصول کی جائے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ مستقبل قریب میں پارکنگ پلازہ کی چھت پر شہریوں کے لیے ریسٹورنٹ کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، جہاں شہریوں اور سیاحوں کو کھانے پینے اور تفریح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

پلازہ میں موجود متعدد کمرشل دکانوں کی نیلامی بھی سی ڈی اے کی جانب سے پہلے ہی مکمل کی جاچکی ہے۔

اس جدید پارکنگ پلازہ کے قیام سے بلیو ایریا اور گردونواح میں گاڑیوں کی پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ شہریوں کو محفوظ، منظم اور جدید سہولیات سے آراستہ پارکنگ کی سہولت میسر آئے گی۔

واضح رہے کہ یہ منصوبہ وفاقی دارالحکومت میں جدید ڈیجیٹل پارکنگ متعارف کرانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے، جس کے ذریعے ڈیجیٹل مانیٹرنگ، کیش لیس ادائیگی اور پارکنگ فیس کے شفاف نظام کو یقینی بنایا گیا ہے۔