پنجاب حکومت نے گلف اسٹریم جی-500 طیارے کا کنٹرول پاک فضائیہ کے سپرد کر دیا
اہم پیش رفت، مفاہمتی یادداشت کی منظوری، طیارہ سول ایوی ایشن سے ڈی رجسٹر۔
گلف اسٹریم جی-500 طیارہ
لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے اپنے جدید سرکاری گلف اسٹریم جی-500 طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری باضابطہ طور پر پاک فضائیہ (پی اے ایف) کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی کابینہ نے پنجاب حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے مسودے کی بھی توثیق کر دی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، جدید جیٹ طیارے کے آپریشن اور دیکھ بھال کے دوران تکنیکی مشکلات سامنے آئی تھیں۔ دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود تکنیکی صلاحیت کے باعث اس جدید ترین طیارے کو مکمل طور پر اکیلے سنبھالنا مشکل ہو رہا تھا، کیونکہ گلف اسٹریم کے پیچیدہ نظام کو چلانے کے لیے خصوصی تکنیکی مہارت، تربیت یافتہ عملے اور جدید انفراسٹرکچر کی ضرورت ہوتی ہے۔
دستاویزات کے مطابق، پاک فضائیہ کے پاس اس طیارے کی دیکھ بھال اور آپریشن کے لیے تمام مطلوبہ تکنیکی مہارت اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہے، جس کے پیش نظر وی آئی پی فلائٹ ونگ نے ذمہ داریاں پی اے ایف کو منتقل کرنے پر مشاورت کی۔ اس فیصلے کا مقصد طیارے کی محفوظ پرواز، مسلسل آپریشنل تیاری اور 24 گھنٹے دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔
مزید برآں، سرکاری دستاویزات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ جدید جیٹ طیارہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی سی اے) سے ڈی رجسٹر کیا جا چکا ہے، جبکہ پاک فضائیہ نے اسے اپنا ٹیل نمبر بھی الاٹ کر دیا ہے۔ پاک فضائیہ کے 3 حاضر سروس پائلٹس کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں، جو صوبائی حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر فلائٹ آپریشن انجام دیں گے۔
منظور شدہ مفاہمتی یادداشت میں طیارے کی دیکھ بھال، تمام تکنیکی امور اور مالی انتظامات کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر اینڈ ایس اینڈ جی اے ڈی کو صوبائی حکومت کی جانب سے اس ایم او یو پر دستخط کرنے کا باضابطہ اختیار بھی تفویض کر دیا گیا ہے۔