بھارت میں بلند آواز موسیقی سے 20 دن کی نومولود بچی جاں بحق
بلیا میں جلوس کے دوران بلند آواز ڈی جے کے صدمے سے معصوم بچی کا دل بند ہوگیا۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود پولیس اور ڈی جے کا نظام جو گھر کے باہر لگایا گیا تھا۔
اتر پردیش کے ضلع بلیا میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں مورتی وسرجن کے جلوس کے دوران گھر کے باہر بجائے جانے والے ڈی جے کی بلند آواز اور شور کی وجہ سے ایک 20 دن کی نومولود بچی مبینہ طور پر جاں بحق ہو گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق اونچی آواز کے صدمے سے معصوم بچی کا دل بند ہو گیا۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے جلوس کے شرکاء اور ڈی جے آپریٹرز سے بارہا التجا کی کہ گاڑی کو آگے بڑھایا جائے اور آواز کم کی جائے، مگر کسی نے ان کی ایک نہ سنی اور لاپرواہی کا مظاہرہ جاری رکھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مروجہ قوانین کے تحت ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔