پنجاب میں 80 لاکھ بچیاں تعلیم سے محروم ہیں، حافظ نعیم الرحمان

سخت تنقید، مفت تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے، 15 ہزار اسکول آؤٹ سورس کر دیے گئے ہیں۔

November 14, 2026 · اہم خبریں
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان خدیجۃ الکبریٰ نمائش سے خطاب کر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان خدیجۃ الکبریٰ نمائش سے خطاب کر رہے ہیں۔

لاہور میں پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے زیر اہتمام “ہمارا ہنر، ہماری پہچان” کے عنوان سے منعقدہ خدیجۃ الکبریٰ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں اس وقت 80 لاکھ بچیاں اسکول نہیں جا رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا موجودہ نظام بچیوں کو اسکول بھیجنے میں ناکام رہا ہے جبکہ حکومتی سطح پر صوبے کے 15 ہزار اسکولوں کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نجی تعلیمی اداروں میں بھی تعلیم کا دہرا معیار قائم کر دیا گیا ہے جہاں اعلیٰ معیار کی تعلیم کے حصول کے لیے انتہائی زیادہ فیسیں وصول کی جاتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں بالخصوص بچیوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہمی ریاست کی بنیادی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے موجودہ ملکی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں افرا تفری کا عالم ہے، عوام کو ان کے بنیادی حقوق نہیں مل رہے ہیں، اور امیر و غریب کے درمیان خلیج اتنی بڑھ چکی ہے کہ مڈل کلاس طبقہ بھی شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں اگر خواتین ملازمت نہیں کریں گی تو گھروں کا نظام چلانا ناممکن ہو جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ سیاسی جماعتوں میں شخصیت پرستی کا رجحان عام ہو چکا ہے اور جب تک رویے تبدیل نہیں ہوں گے، معاشرتی حالات میں بہتری نہیں آ سکتی۔ انہوں نے اپنی جماعت کے فلاحی اقدام کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ “بنو قابل” پروگرام کے تحت اب تک 16 لاکھ طلبہ کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے جن میں سے 32 فیصد تعداد خواتین کی ہے۔