خیبر پختونخوا سے روزانہ 4 ارب روپے کا سونا نکالنے کا الزام مضحکہ خیز ہے، شوکت یوسفزئی

سیاسی ردعمل، الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا، حکومتی ہتھکنڈوں کی مذمت

November 15, 2026 · اہم خبریں
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے

پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے اختیار ولی کی جانب سے ایک دن میں 4 ارب روپے کا سونا نکالے جانے کے الزامات کو سختی سے رد کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ پہلے تولو پھر بولو کیونکہ نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی پورے سال کی ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن صرف 150 ارب روپے ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اگر ایک دن میں 4 ارب روپے کی آمدن ہورہی ہے تو یہ ٹھیکہ اختیار ولی کو ملنا چاہیے تاکہ وہ 500 ارب روپے صوبے کو اور 500 ارب روپے وفاق کو دے کر باقی رقم خود رکھ لیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر صوبے کی سالانہ آمدن 1500 ارب روپے ہوتی تو خیبر پختونخوا پیرس بن چکا ہوتا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بھونڈے طریقوں سے پی ٹی آئی کا میڈیا ٹرائل بند کرے کیونکہ جھوٹ بریگیڈ کو تحریک انصاف کے خلاف روزانہ نئے بیانیے بنانے پر مامور کر دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عدم تعاون، پھر کرپشن اور اب غیر قانونی مائنز کے الزامات انتہائی افسوسناک ہیں۔ اگر جھوٹ بریگیڈ کے پاس کرپشن اور غیر قانونی کان کنی کے کوئی ثبوت موجود ہیں تو انہیں عوام کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ 80 فیصد سونا افغانستان اسمگل ہونے کا دعویٰ ایک بہت بڑا الزام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی معدنیات سے صوبے کے وسائل میں اضافہ کرنا کسی طور غیر قانونی نہیں ہے، اور اگر صوبے میں سائنسی بنیادوں پر کان کنی کے لیے سرمایہ کار آتے ہیں تو یہ ایک مثبت عمل ہے۔

دریں اثنا، معاشی امور کے حوالے سے سامنے آنے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں کی جانب سے وفاق کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران یہ خصوصی گرانٹ آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت دی گئی ہے، جبکہ اس بار روایت سے ہٹ کر وفاق کی بجائے صوبے وفاق کو گرانٹ دے رہے ہیں۔