جے یو آئی کا خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں احتجاج ،مفتی محمود مرکز سے بڑی ریلی
معدنی ذخائر کے تحفظ اور کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کی مذمت ، تجاوزات کے نام پر غریب تاجروں سے روزگار چھینا جا رہا ہے، صوبائی و ضلعی قائدین
تصویر بشکریہ مقامی میڈیا
پشاور: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاالرحمن کی اپیل پر اتوار کے روز خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع اور قبائلی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں گورنر راج، معدنی ذخائر کی مبینہ سمگلنگ، پارٹی قائدین کے خلاف میڈیا ٹرائل، گرفتاریوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائیوں پر احتجاج کیا گیا۔
جمعیت علما اسلام کے زیر اہتمام پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان، شانگلہ، سوات، دیر، چترال، ملاکنڈ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں مظاہرے ہوئے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے مفتی محمود مرز سے بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا عطائ الحق درویش اور دیگر صوبائی و ضلعی رہنماؤں نے کی۔ ریلی مفتی محمود مرکز پشاور سے شروع ہو کر دلہ زاک چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر سینیٹر مولانا عطائ الحق درویش، عبدالجلیل جان، مولانا امان اللہ حقانی، مولانا مسکین شاہ، مولانا احمد علی، زبیر علی، ایم پی اے اعجاز خان، عبدالحسیب حقانی، انعام ولی زئی، مولانا حسین مدنی، صدیق پراچہ، مولانا رفیع اللہ قاسمی، مولانا اشرف علی، ہارون صفت اور کلیم اللہ سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام صدیوں پرانی سیاسی و دینی جماعت ہے اور اسے مختلف حربوں کے ذریعے اپنے مؤقف اور مشن سے ہٹایا نہیں جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران بھی ماضی کی استعماری قوتوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جماعت کے خلاف دباؤ کے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، تاہم عوام نے مصنوعی ذہانت اور جعلی ویڈیوز کے ذریعے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔
رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد ہونے والی کارروائیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا مقصد امن و امان کے قیام کے بجائے مدارس اور مساجد کے خلاف اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اپنے کارکنوں، دینی اداروں اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈرونز کے ذریعے چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی، غیر اخلاقی ویڈیوز کے ذریعے کردار کشی اور تجاوزات کے نام پر بغیر نوٹس دکانوں، مساجد اور پلازوں کو مسمار کرنے کے اقدامات قابلِ مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے حوالے سے جمعیت علما اسلام کا موقف واضح ہے اور جماعت نے 1970 سے 2026 تک گورنر راج کی مخالفت کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری اور آمرانہ اقدام قرار دیا ہے۔