ویب سائٹس بند کرانے کیلئے مودی سرکار جعلی عدالتی حکم تیار کرنے لگی۔انکشافات سے بھونچال
احکامات مہینوں تک محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب رہے
تصویر: سوشل میڈیا
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سیکرٹری ٹیلی کمیونیکیشن کو طلب کیا ہے تاکہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ حکام نے جعلی عدالتی احکامات کی بنیاد پر 100 سے زائد ویب سائٹس کو بند کرنے کا حکم کیسے دیا۔
مودی کے دفتر کی جانب سے یہ مداخلت اس معاملے پر بڑھتی ہوئی کڑی نگرانی کو ظاہر کرتی ہے، جوروئٹرز کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آئی جس میں بتایا گیا تھا کہ ٹیلی کام حکام نے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں کو 129 غیر قانونی بیٹنگ (جوا کھیلنے والی) ویب سائٹس کو بلاک کرنے کی ہدایت کی تھی۔ یہ ہدایات ہائی کورٹ کے جعلی احکامات کی بنیاد پر جاری کی گئی تھیں، جو خود کو وکیل ظاہر کرنے والے افراد نے حکام کو ای میل کیے تھے۔
پولیس اور عدالتی رجسٹری کے بیانات کی بنیاد پر روئٹرز کی جانب سے جن دو ریاستی عدالتی احکامات کو جعلی قرار دیا گیا، ان میں عدالت کے جعلی لوگو اور مہروں کے ساتھ ساتھ ایک جعلی کیو آر (QR) کوڈ بھی شامل تھا۔یہ احکامات مہینوں تک محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کی ویب سائٹ پر عوام کے لیے دستیاب رہے، جن کے ساتھ وہ خط و کتابت بھی موجود تھی جس میں سرکاری حکام انٹرنیٹ فراہم کرنے والوں کو ویب سائٹس ہٹانے کا حکم دے رہے تھے۔
ان جعلی عدالتی احکامات میں سے ایک اب بھی حکومت کی ویب سائٹ پر قابلِ رسائی تھا، دوسرے کو ہٹا دیا گیا تھا۔
اگرچہ بھارت میں آن لائن جوا غیر قانونی ہے، لیکن اس واقعے نے ان خدشات کو جنم دیا ہے کہ بھارت کے آن لائن مواد ہٹانے کے نظام میں حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث جعلی عدالتی دستاویزات کو جائز ویب سائٹس کو بلاک کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ان انکشافات کے بعد ریاستی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ممکنہ جعل سازی اور دھوکہ دہی کی مجرمانہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
معاملے سے باخبر دو سرکاری حکام نے بتایا کہ مودی کے دفتر نے ٹیلی کام سیکرٹری امت اگروال کو اس غفلت کی وضاحت کے لیے پیش ہونے کا حکم دیا، جس کے باعث اگروال کو کسی دوسری ریاست کا دورہ مختصر کرنا پڑا۔اگروال وزارتِ ٹیلی کمیونیکیشن کے سب سے سینئر بیوروکریٹ ہیں، جو بڑے ٹیلی کام آپریٹرز سے لے کر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے تمام اداروں کی نگرانی کرتی ہے۔
ایک اہلکار نے کہا کہ محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے بیٹنگ اکاؤنٹس کے خلاف کی گئی کارروائی متعلقہ فیلڈ افسران کے ذریعے عمل میں لائی گئی تھی۔اگروال، ان کی وزارت اور مودی کے دفتر نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔
مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کردہ عدالتی نظیروں نے دنیا بھر کے ججوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے جولائی میں ایک ٹربیونل کے ان احکامات کو کالعدم قرار دے دیا تھا جن میں غیر موجود فیصلوں کا سہارا لیا گیا تھا، ایک امریکی جج نے حال ہی میں من گھڑت قانونی حوالہ جات استعمال کرنے پر وکلاء کو نااہل قرار دے دیا تھا۔
بھارتی وزارتِ ٹیلی کام نے مبینہ دھوکہ دہی کی اندرونی تحقیقات شروع کر دی ہیں، پولیس نے مجرمانہ تفتیش کے لیے وزارت سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
جعلی احکامات پر بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان، بھارتی سپریم کورٹ کے ججوں نے گزشتہ سال کہا تھا کہ ججوں کے جعلی دستخطوں پر مبنی ایسی جعل سازی عوامی اعتماد مجروح کرتی ہے اور ایسے سنگین مجرمانہ افعال کو عام یا معمول کے جرائم کے طور پر نہیں لیا جا سکتا۔