عالمی یوم برداشت، صدر، وزیراعظم اور مریم نواز کا رواداری کے فروغ کا عزم

اہم پیغام، تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ پر زور، نفرت انگیز رویوں کی نفی ہوگی،

November 16, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 

عالمی یومِ برداشت کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں معاشرے میں باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی، بین المذاہب ہم آہنگی اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سرکاری بیانات کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ ایک مضبوط، منصفانہ اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے تنوع کا احترام اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ احترام اور رواداری پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے کے لیے ہر شخص کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کی قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت دیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ان آئینی ضمانتوں کو ہر شہری کے روزمرہ تجربے میں حقیقت بنایا جائے۔ صدر زرداری نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پیغامات اور الزامات انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، لہٰذا دھمکیوں اور تشدد پر اکسانے والوں کے خلاف ادارے غیر جانبدارانہ کارروائی کریں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو مذہب کے نام پر ظلم ڈھانے یا قانون ہاتھ میں لینے کی کوئی اجازت نہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام تر اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد اور نظریات کا احترام ہی اصل برداشت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اسلامی تعلیمات ہمیں صبر، برداشت، ہمدردی اور احترامِ انسانیت کا درس دیتی ہیں، اور حکومت عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ وزیراعظم نے ذکر کیا کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ سے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے علما، اساتذہ، ذرائع ابلاغ اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تعصب کو مسترد کریں اور افہام و تفہیم کو فروغ دے کر نفرت اور تشدد کے خلاف اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ بڑھتی ہوئی انتہاپسندی اور پرتشدد تنازعات کے اس دور میں برداشت اور رواداری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ معاشرے کو پُرامن رکھنے کے لیے ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی رواداری اور بردباری کا بہترین نمونہ ہے، اور تعلیمی ادارے نوجوان نسل کو برداشت، احترام اور محبت کے اصول سکھائیں۔ معاشرے کے ہر طبقے کو برداشت، تحمل اور باہمی احترام کے رجحان کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔