آنکھ کے آپریشن اور فوری علاج کیلئے بشریٰ بی بی کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
اہم پیش رفت، قانونی ٹیم نے رجوع کرلیا، فوری طبی امداد کی استدعا۔
بشریٰ بی بی کی ہسپتال منتقلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی فائل فوٹو۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات کے بعد ایک اہم قانونی پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت بشریٰ بی بی کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کی غرض سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق بشریٰ بی بی کی جانب سے یہ درخواست معروف قانون دانوں لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ فوری طور پر عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا جائے، طبی اور سرجری کے لیے تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں اور ضروری نگہداشت و علاج کے لیے فوری طور پر کسی مستند سپیشلائزڈ ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
درخواست گزار کے موقف کے مطابق 10 نومبر کو ہونے والی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے متعلق آگاہ کیا تھا جبکہ بشریٰ بی بی نے 15 نومبر کو اپنی آنکھ کی ممکنہ سرجری کے بارے میں بھی بتایا۔ درخواست میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بائیں اور دائیں آنکھ میں موتیے کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ بینائی کے شدید مسائل سے دوچار ہیں۔ وہ عینک کے بغیر دیکھنے سے قاصر ہیں جبکہ عینک کے ساتھ بھی سامنے بیٹھے افراد کو صرف ایک سیاہ شکل کے طور پر دیکھنے پر مجبور ہیں۔ آنکھوں میں شدید درد کی شکایت کے باعث وہ روزانہ پیناڈول اور ٹونوفلیکس کی 2 گولیاں لینے پر مجبور ہیں۔
عدالت میں جمع کروائی گئی تفصیلات کے مطابق آنکھوں میں تکلیف کی شکایت کے 7 سے 8 دن بعد جیل میں ڈاکٹر نے طبی معائنہ کیا اور بتایا کہ ان کی کرٹیکل سرجری ہو گی جس سے بینائی جانے کا بھی خطرہ ہے۔ درخواست میں جیل کے ماحول اور صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی جس بڑے ہال نما کمرے میں قید ہیں وہاں حشرات، کاکروچ اور سنڈیاں موجود ہیں جبکہ ماضی میں اسی کمرے سے 7 چھوٹے سانپ بھی نکل چکے ہیں۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جیل میں دستیاب ڈیوٹی ڈاکٹر گائناکالوجسٹ ہیں اور کوئی آئی سپیشلسٹ موجود نہیں ہے، لہذا ناقص صفائی اور حشرات کے باعث آپریشن کے بعد انفیکشن سے مستقل بینائی جانے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔