کوہاٹ پولیس پرحملے کےبعد جوابی کارروائی میں ہلاک دہشت گردافغان شہری نکلا
اہم انکشاف، دہشتگرد کابل میں طالبان کا گارڈ نکلا، غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد حصہ افغانستان منتقل ہوتا رہا۔
خیبر پختونخوا میں ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ اور غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کا منظر
خیبر پختونخوا میں ٹیرر کرائم کا خطرناک گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا ہے، جہاں پولیس پر حملے میں ملوث اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہونے والا دہشتگرد افغان شہری نکلا ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق 11 نومبر کو کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں پولیس کے جوان شہید ہوئے تھے، جن کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی میں ہلاک ہونے والے فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت بطور افغان شہری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ دیگر 4 دہشتگردوں کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔ شناخت پانے والا افغان دہشتگرد کابل میں افغان طالبان سرغنہ کے پرسنل گارڈ کے طور پر فرائض انجام دیتا رہا ہے۔ دیگر دہشتگردوں کی تصاویر اور دستیاب ڈیجیٹل شواہد کا گہرائی سے تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں جاری غیر قانونی گولڈ مائننگ کا 80 فیصد سونا اور معدنیات افغانستان اسمگل کی جا رہی تھیں۔ دریں اثنا، وزیراعظم کے کوآرڈینٹر اختیار ولی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق صوبائی حکومت کی سرپرستی میں افغان طالبان کمانڈرز کو یوتھ کمیٹی میں شامل کر کے غیر قانونی گولڈ مائننگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
دستاویزات اور انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق یہ دہشت گرد عناصر غیر قانونی کان کنی میں مقامی طور پر ملوث افراد سے ماہانہ 7 لاکھ روپے اور باہر کے علاقوں سے آنے والے مائنرز سے 11 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتے تھے۔
سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تمام ناقابل تردید شواہد سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ خیبر پختونخوا کی گزشتہ حکومت، فتنۃ الخوارج اور افغان طالبان اس غیر قانونی گولڈ مائننگ اور کرائم نیٹ ورک میں براہ راست ملوث رہے ہیں۔ ماہرین کے نزدیک ریاست کے وسائل کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف موجودہ کارروائیاں اور اقدامات ایک دوٹوک پیغام کی حیثیت رکھتے ہیں۔