بھارت میں تیزآواز کے ساتھ موسیقی کاشور20روزہ بچی کی جان لے گیا
واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع بلیا کے گاؤں مدیاری میں پیش آیا
بھارت میں مذہبی جلوس کے دوران تیز آواز میں موسیقی بجنے کے بعد 20 روزہ نومولود بچی کی پراسرار موت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع بلیا کے گاؤں مدیاری میں پیش آیا جہاں ایک جلوس میں بلند آواز میں موسیقی چلائی جا رہی تھی۔
اہلِ خانہ کے مطابق ڈی جے کا ٹرک ان کے گھر کے باہر رکا اور انتہائی بلند آواز میں موسیقی بجانے لگا، گھر والوں نے کئی مرتبہ آواز کم کرنے کی درخواست کی، لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی، اس دوران بچی اپنی والدہ ریما شاہ کے پاس سو رہی تھی اور اس کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔کچھ دیر بعد والدہ نے دیکھا کہ بچی کوئی حرکت نہیں کر رہی۔ ، اہلِ خانہ کا دعویٰ ہے کہ بچی کا دل دھڑکنا بند ہو گیا۔
فوری طور پر بچی کو اسپتال پہنچاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ متاثرہ خاندان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ڈی جے کی انتہائی تیز آواز بچی کی موت کا سبب بنی۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جے کا سامان قبضے میں لے لیا، موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔
تاحال تیز موسیقی اور بچی کی موت کے درمیان کوئی طبی تعلق ثابت نہیں ہوا۔