ایرانی وزیر خارجہ کی عاصم منیر سے ملاقات، امریکا کی شرائط ماننے پر آبنائے ہرمز کھولنے کا عندیہ

اہم سفارتی پیش رفت، پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوگا

November 17, 2026 · اہم خبریں
ایرانی وزیر خارجہ کی عاصم منیر سے ملاقات، امریکا کی شرائط ماننے پر آبنائے ہرمز کھولنے کا عندیہ

ایرانی وزیر خارجہ کی عاصم منیر سے ملاقات، امریکا کی شرائط ماننے پر آبنائے ہرمز کھولنے کا عندیہ

اسلام آباد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا تہران کی پیش کردہ شرائط تسلیم کر لیتا ہے تو اہم عالمی بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز کو صرف 2 دن میں دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے پیش کردہ ایرانی منصوبے کی بھرپور حمایت کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس سے قبل، آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے قریبی روابط، باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے علاقائی امن کے تسلسل کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں، ایرانی وزیر خارجہ نے ای سی او وزارتی کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، تجارت کو آسان بنانے اور توانائی کے شعبے میں اشتراک بڑھانے سے اجتماعی استحکام کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے بیرونی خطرات اور انحصار میں کمی آئے گی، جو ایک زیادہ مربوط اور خود کفیل خطے کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔