بیک وقت حکومت کے مزے اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے،عطا اللہ تارڑ کا بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل
ریفرنڈم آئینی طریقہ کار ہے، صوبوں کے معاملے پر خون بہانے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے،ریفرنڈم آئین کا حصہ اور آئینی طریقہ کار ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام کی رائے کا بہترین اظہار ہو سکتا ہے تو ریفرنڈم میں کیا حرج ہے۔ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے، عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں، اچھی گورننس، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کے سامنے جوابدہ حکومت عوام کی بنیادی ضرورت اور حقیقی مسئلہ ہے، آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں۔ آج ہم خود کو اس نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں۔ اس کی کوئی گنجائش نہیں. نیب کے اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے، اہم مسئلہ صوبوں کے حوالے سے بحث ہے، صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا، جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہئے، ہم اپنے آپ کو سسٹم کی کمزوریوں سے دور نہیں رکھ سکتے، گڈ گورننس اور اصلاحات تمام حکومتوں کا ایجنڈا ہے، پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیئے جائیں، صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔