مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی حدود تبدیل، تعمیرات کی اجازت مل گئی
وفاقی حکومت نے راول جھیل اور مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے بعض علاقوں کی زوننگ تبدیل کردی
مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی حدود تبدیل، تعمیرات کی اجازت مل گئی
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے زوننگ قوانین میں ترمیم اور راول جھیل کی حدود کے نئے تعین کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے ایک حصے کو زون تھری کے محفوظ علاقے سے خارج کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بڑے تجارتی منصوبے اور راول ڈیم کے دو کلومیٹر کے دائرے میں تعمیر ہونے والی بیشتر عمارتوں کو قانونی تحفظ حاصل ہوگیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر واقع عمارتیں، جن میں سپریم کورٹ اور اسلام آباد کلب بھی شامل ہیں، اب زون تھری کا حصہ نہیں رہیں گی۔
اسی طرح سی ڈی اے کے نئے تجارتی منصوبے، نئی سڑک پر تعمیراتی سرگرمیوں اور اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کی جانب سے پارک روڈ کے ساتھ مختص اراضی پر شروع کیے جانے والے منصوبوں پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
سی ڈی اے، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے اشتراک سے کُری کے علاقے میں مارگلہ انکلیو کے نام سے رہائشی منصوبہ تعمیر کررہا ہے، جو پہلے ہی قابلِ اجازت علاقے میں واقع ہے۔
تاہم اس رہائشی منصوبے کے لیے پارک روڈ سے ہاؤسنگ اسکیم تک 3.8 کلومیٹر طویل رابطہ سڑک تعمیر کی جارہی ہے، جس پر مٹی ڈالنے کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ یہ سڑک زون تھری کے محفوظ علاقے سے گزرتی ہے، جہاں سی ڈی اے کے ضوابط کے تحت کسی بھی قسم کی تعمیراتی سرگرمی کی اجازت نہیں ہے۔
تجارتی علاقہ قائم کرنے کے لیے وفاقی حکومت پہلے ہی مذکورہ سڑک کو اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ کا درجہ دے چکی تھی اور سی ڈی اے کو ہدایت کی تھی کہ اس پر جی ٹی روڈ، اسلام آباد ایکسپریس وے اور دیگر بڑی شاہراہوں کے لیے پہلے سے نافذ ضوابط لاگو کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اب نیشنل پارک کے ایک حصے کو زون تھری سے خارج کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد مذکورہ سڑک اور دیگر منصوبوں، بشمول اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے اسلام آباد ٹیکنوپولس منصوبے کی راہ میں کوئی قانونی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔ ایس ٹی زیڈ اے کے پاس اس علاقے میں 140 ایکڑ اراضی موجود ہے، جو پہلے زون تھری میں شامل تھی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے 10 نومبر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق راول جھیل کے اردگرد کا علاقہ نئی حدود میں شامل کیا گیا ہے، جس کی شمالی حد سرینگر ہائی وے اور مری روڈ، مغربی حد کلب روڈ اور مری روڈ، جنوبی حد پارک روڈ اور مشرقی حد مجوزہ مری لنک روڈ ہوگی۔ اس کے علاوہ کورنگ ندی کے دونوں اطراف 200 میٹر کا بفر بھی شامل ہوگا، جو راول جھیل سے دو کلومیٹر بالائی سمت تک اور کورنگ روڈ کے جنوب مشرقی علاقے تک پھیلا ہوگا۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ، وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور وزارتِ داخلہ کے ذرائع نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی کابینہ کے فیصلے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے، جن میں وائلڈ لائف بورڈ اور سی ڈی اے شامل ہیں، اس علاقے میں نیشنل پارک کی نئی حدود متعین کرنے کے لیے نشانات لگانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ اس میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا لیک ویو کا علاقہ بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے بنی گالہ کے بعض علاقوں کے رہائشیوں کو ریلیف ملے گا، تاہم شاہ اللہ دتہ اور بھارہ کہو کے رہائشی بدستور مشکلات کا شکار رہیں گے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے کہا کہ زوننگ قوانین میں تبدیلی کسی ایک مخصوص علاقے کے لیے الگ سے نہیں ہونی چاہیے تھی بلکہ زون تھری کے دیگر علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے مسائل کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ زون تھری کے رہائشیوں کو اپنی ملکیتی زمین پر چھوٹے مکانات تعمیر کرنے کی بھی اجازت نہیں، جبکہ شاہ اللہ دتہ اور بھارہ کہو کے بعض حصوں میں تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔
ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ وفاقی حکومت کے نئے فیصلے کے تحت نیشنل پارک کے سابقہ لیک ویو حصے میں تعمیراتی سرگرمیوں کی اجازت مل گئی ہے، جبکہ زون تھری کے دیگر علاقوں کے شہری بدستور مشکلات برداشت کرتے رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارہ کہو کے ایک حصے کو قریبی زون میں شامل کرنے، جبکہ شاہ اللہ دتہ اور ملحقہ علاقوں کو بھی قریبی زون میں منتقل کرنے سے متعلق سی ڈی اے کی سمری گزشتہ تین سال سے وفاقی حکومت کی منظوری کی منتظر ہے۔