کراچی میں سابق امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر بلند عمارتیں بنانے کا منصوبہ

امریکی حکومت سے معاہدہ، 16 ستمبر کو جائیداد کی خریداری کے معاملات طے پائے

November 18, 2026 · اہم خبریں

کراچی میں سابق امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر بلند عمارتیں بنانے کا منصوبہ

کراچی: ڈینی گروپ نے کراچی کے علاقے سول لائنز میں واقع سابق امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ خرید لی ہے، جہاں بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے تحت بلند رہائشی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی، تاہم جائیداد پر موجود تاریخی عمارت کو اپنی اصل حالت میں برقرار رکھا جائے گا۔

ڈینی گروپ کے سربراہ عبدالرؤف ڈینی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے جائیداد کی خریداری کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی نے متعلقہ جائیداد خرید لی ہے، خریداری کے معاملات کافی عرصہ پہلے طے پا گئے تھے، تاہم ان پر عمل درآمد حال ہی میں ہوا ہے۔ اب جائیداد کمپنی کے نام منتقل ہوچکی ہے اور اس کا قبضہ بھی حوالے کردیا گیا ہے۔

ان کے مطابق اس مقام پر بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت بلند رہائشی عمارتیں تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔

عبدالرؤف ڈینی نے بتایا کہ معاہدہ امریکی محکمہ خارجہ (اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ) کے ساتھ ہوا ہے، تاہم انہوں نے خریداری کی رقم اور ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ یہ معلومات خفیہ ہیں۔

تاریخی عمارت برقرار رکھنے کا فیصلہ

ڈینی گروپ کے ڈائریکٹر لیگل گل حمید سموں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جائیداد کی خریداری کا معاہدہ رواں سال 16 ستمبر کو طے پایا تھا۔

ان کے مطابق جائیداد پر پہلے سے موجود عمارت تاریخی ورثے میں شامل ہے، اس لیے اسے اپنی موجودہ حالت میں برقرار رکھا جائے گا، جبکہ پلاٹ کے خالی حصے پر نئی تعمیرات کی جائیں گی۔

گل حمید سموں نے بتایا کہ خالی پلاٹ پر تعمیراتی کام کے لیے مختلف متعلقہ محکموں سے لیز بھی حاصل کرلی گئی ہے، جبکہ جائیداد کی ملکیت کمپنی کے نام منتقل ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے موقع پر امریکی قونصل خانے میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی تھی اور اس وقت جائیداد کا قبضہ ڈینی گروپ کے پاس ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں کیا بتایا گیا؟

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی قونصل جنرل کی یہ رہائش گاہ کراچی کے علاقے سول لائنز میں واقع ہے اور تقریباً ڈھائی لاکھ مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہے۔

رپورٹ میں معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈینی گروپ نے یہ جائیداد امریکی حکومت سے تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں خریدی ہے۔

جائیداد کی فروخت کے بعد اس مقام پر بلند رہائشی عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ سامنے آیا ہے، تاہم تاریخی عمارت کو برقرار رکھنے اور اس کے تحفظ کو بھی منصوبے میں اہمیت دی گئی ہے۔