عالمی امن کیلئے باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے، وزیر دفاع

شومان سکیورٹی فورم سے خطاب، پاکستان کا کلیدی کردار نمایاں رہے گا

November 19, 2026 · اہم خبریں
عالمی امن کیلئے باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے، وزیر دفاع

عالمی امن کیلئے باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے، وزیر دفاع

برسلز میں منعقدہ شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا عالمی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں متحرک کردار عالمی سطح پر ملک کی قربانیوں کی روشن مثال ہے۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ گزشتہ 7 دہائیوں کے دوران 48 اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکاروں نے خدمات انجام دیں، جبکہ اس دوران 183 پاکستانی اہلکاروں نے عالمی امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعات کے شکار علاقوں میں امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات کو مزید بڑھا سکتی ہے، اس لیے مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ اور پائیدار سیاسی حل سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ پائیدار استحکام کے لیے انسانی سلامتی کو ترجیح دینا ہوگی۔ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری کو عالمی تنازعات کو ہوا دینے والے اہم عوامل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیرینہ تنازعات کا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل انتہائی ضروری ہے۔