سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کا آغاز۔ترک ریسرچ شپ کی کراچی آمد
اسٹریٹجک شراکت داری کا آغاز، توانائی اور معدنیات کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، تقریب کا انعقاد۔
ترکیہ کا جدید سیسمک ریسرچ جہاز ’اورُچ رئیس‘ کراچی بندرگاہ پہنچ گیا جہاں اس کا استقبال کیا گیا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنسی اور اسٹریٹجک تعاون کے نئے باب کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس کے تحت سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے ترکیہ کا جدید ریسرچ جہاز ’اورُچ رئیس‘ کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔ اس سلسلے میں کراچی میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور گورنر سندھ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ کے تعاون کو نئی اسٹریٹجک شراکت داری قرار دیا اور کہا کہ پاک ترک تعلقات تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں، جنہیں اب عملی اقتصادی منصوبوں میں بدلا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 87 میٹر طویل جہاز ’اورُچ رئیس‘ جدید سیسمک، صوتی اور سمندر کی تہہ کا سروے کرنے والے آلات سے لیس ہے۔ یہ جہاز مکران کے ساحلی علاقے کا ٹوڈی اور سمندری حدود کا تھری ڈی سروے کرے گا، جو صوتی لہروں کے ذریعے سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں کی ساخت کا جائزہ لے کر سہ جہتی تصاویر تیار کرے گا۔
سرکاری دستاویزات اور تقریب میں طے پانے والے امور کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی اور معدنیات کے شعبے میں 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے درمیان شیئر ہولڈرز کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے علاقے پشین میں اہم معدنیات اینٹیمونی کی ترقی کے لیے بھی معاہدہ طے پایا ہے۔ اس کے علاوہ ماری منرلز اور ترکیہ کی ایم ٹی اے آئی سی کے درمیان مشترکہ منصوبے کے تحت چاغی میں تانبے، سونے اور دیگر معدنی ذخائر کی تلاش و ترقی کا کام کیا جائے گا۔ جیولوجیکل سروے پاکستان، ترکیہ کے ایم ٹی اے اور ایم ٹی اے آئی سی کے درمیان سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت تکنیکی تبادلے اور معدنی وسائل کی ترقی میں استعداد کار بڑھائی جائے گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بحری جہاز کی آمد کو توانائی کے شعبے میں تعاون کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا۔ ترک وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے اور پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ سمندر میں توانائی کے ذخائر کی تلاش ایک پیچیدہ اور مہنگا عمل ہے، اور سیسمک سروے کے سروے میں تقریباً 5 سے 6 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ مشن پاکستان کے لیے تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کی خوش خبری لائے گا، جبکہ اس پورے عمل میں بحری تحفظ اور ماحولیاتی معیار کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔