وفاقی وزرا کے گھروں کی تزئین نو کیلیے کروڑوں منظور، سوال پرعطا تارڑ کا جواب
ایک مناسب حد تک تزئین و آرائش ہونی چاہیے، ریاست کا اثاثہ ہے، پھر زیادہ خراب ہو جائے گا، عطا تارڑ
فائل فوٹو
اسلام آباد: سوشل میڈیا اور صحافتی حلقوں میں زیر گردش اطلاعات کے مطابق وفاقی وزرا کی سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔ صحافی احمد وڑائچ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کی گئی معلومات کے مطابق جب اس معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے حکومتی مؤقف پیش کرتے ہوئے سرکاری املاک کی دیکھ بھال کو ضروری قرار دیا۔
ایک مناسب حد تک renovation ہونی چاہیے، ریاست کا اثاثہ ہے، پھر زیادہ خراب ہو جائے گا، چیک کر لیتے ہیں۔ عطا تارڑ کا جواب https://t.co/HWi39YQjjW pic.twitter.com/LOjxS0A9Zd
— Ahmad Warraich (@ahmadwaraichh) November 20, 2026
صحافی احمد وڑائچ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ سرکاری رہائش گاہوں کی ایک مناسب حد تک تزئین و آرائش ہونی چاہیے کیونکہ یہ ریاست کا اثاثہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ان عمارتوں کی بروقت مرمت نہ کی جائے تو یہ مزید خراب ہو جائیں گی۔ تاہم انہوں نے اس معاملے کی مزید جانچ پڑتال کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے تفصیلات چیک کر لیتے ہیں۔
دوسری جانب عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری اپنانے اور غیر ضروری اخراجات کو محدود رکھنے کے حوالے سے بحث بھی جاری ہے، جبکہ حکومتی نمائندوں کا مؤقف ہے کہ سرکاری عمارتوں کی حفاظت اور بنیادی مرمت ریاستی اثاثوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ناگزیر ہوتی ہے۔