اسلام آباد:این سی او سی نے کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے لیے ملک بھر کے 24 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے ایک بار پھر مزید ایک ہفتہ کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق این سی او سی نے کورونا پابندیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ملک بھر کے 24 حساس اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتہ بند رہیں گے۔اطلاعات کے مطابق کورونا کی تمام پابندیوں کا اطلاق ملک بھر کے 24 حساس اضلاع میں 15 ستمبر تک رہے گا، توسیع کا یہ فیصلہ کورونا صورتحال کے سبب ہیلتھ سسٹم پر پڑنے والے دبائو کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ان اضلاع میں ان ڈور اور آئوٹ ڈائننگ اجتماعات پر پابندی ہوگی، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند رہے گی، کھیل اور تفریحی سرگرمیاں ممنوع ہوں گی۔
این سی او سی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ نے پنجاب، کے پی اور آئی سی ٹی کے 24 ہائی ڈیزیز اضلاع میں 12 ستمبر تک نافذ کردہ این پی آئی کو 15 ستمبر 21 تک بڑھا دیا گیا ہے جس کا جائزہ 15 ستمبر کو لیا جائے گا۔یعنی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 12 ستمبر کو کھلنے والے اسکولز اب اس تاریخ کو نہیں کھلیں گے بلکہ 15 ستمبر کو جائزہ اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ ہوگا ان صوبوں کے اسکولز بھی کب کھولے جائیں۔
پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالا، شیخوپورہ ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، ملتان، بہاولپور، خانیوال، رحیم یار خان شامل ہیں۔این سی او سی کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع میں پشاور،صوابی،مالاکنڈ،سوات، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان(ڈی آئی خان)شامل ہیں۔